قرآن مجید تمام انسانوں کے لیے کتاب ہدایت

تقویٰ اسلامک سوسائٹی کا جلسہ تقسیم انعامات سے علماء کا خطاب
حیدرآباد ۔ 21 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : قرآن مجید تمام انسانوں کے لیے کتاب ہدایت ہے یہ تمام علوم کا منبع و مرکز ہے ۔ زندگی کے ہر مسئلہ کا حل اس میں موجود ہے ۔ قرآن مجید کی حفاظت کا ذمہ اللہ تعالیٰ نے بذات خود لیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار تقویٰ اسلامک سوسائٹی کیلیفورنیا ( امریکہ ) کی جانب سے منعقدہ مقابلہ حفظ قرآن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے کیا ۔ یہ مقابلے 15 نومبر کو اردو گھر مغل پورہ میں منعقد ہوئے ۔ حافظ عبدالباسط یمانی ، حافظ محمد عبدالغنی ، حافظ غلام دستگیر اشرفی اور حافظ عبدالباسط نے نگرانی کی ۔ سوسائٹی کے صدر نشین حافظ عبدالمجید نے چار حفاظ کو امریکہ آنے کے لیے اسپانسر کرنے کا وعدہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان مقابلوں کا مقصد حفاظ کرام کی ہمت افزائی کرنا ہے ۔ اس پروگرام کے کنوینر محمد عاطف نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور حافظ عبدالرحمن جاوید نے شکریہ ادا کیا ۔ جلسہ کا اختتام حافظ باسط یمانی کی دعا پر ہوا ۔ اس جلسہ کی کارروائی قاری عبدالقیوم شاکر نے چلائی ۔۔