قرآن ساری انسانیت کے لیے راہ ہدایت ، صاحب قرآن نبی مکرم ﷺ کی محبت کے بغیر قرآن کو سمجھنا ناممکن

رحمت عالم کمیٹی کی لیلتہ القدر کانفرنس ، مفتی محمد مجاہد الاسلام ، علامہ محمد فاروق نظامی علیمی ، ڈاکٹر سید عبدالمعز قادری شرفی کے خطابات
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جون : ( راست ) : قرآن مجید میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ رمضان المبارک ایسا مہینہ ہے جو کسی امت کو عطا نہیں کیاگیا اور اس عظیم ماہ میں ہم نے ایک ایسی عظیم رات امت مسلمہ کو عطا کی ہے جو ہزار مہینوں سے افضل ہے یہی وہ رات ہے جسے لیلۃ القدر کہا جاتا ہے یہی وہ رات ہے جس میں قرآن مجید کا نزول ہوا ۔ اللہ تعالیٰ نے جہاں قرآن مجید کو نبی کریم ﷺ کے لیے اپنا ایک معجزہ بنا کر بھیجا وہیں قرآن مجید کو ساری انسانیت کے لیے راہ ہدایت قرار دیا ۔ قرآن مجید ایک ایسی عظیم آسمانی کتاب ہے جس میں رب تعالیٰ نے ساری انسانیت کی رہبری و رہنمائی کے لیے ہر چیز بیان فرمادی ۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی اٹھارہویں مرکزی لیلۃ القدر کانفرنس منعقدہ یکم جون کو بعد نماز تراویح بمقام گورنمنٹ جونیر کالج گراونڈ چنچل گوڑہ سے مولانا مفتی محمد مجاہد الاسلام ( اترپردیش ) نے کیا ۔ کانفرنس کی سرپرستی مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی ، صدارت حضرت سید خلیل علی شاہ بابا قدرتی محبوبی ، نگرانی جناب محمد شوکت علی صوفی نے کی ۔مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مولانا محمد اخلاق اشرفی ، مولانا محمد عبدالجلیل قادری نظامی ، محمد عظیم برکاتی ، مولانا ممتاز اشرفی نے شرکت کی ۔ کانفرنس کا آغاز حافظ و قاری صلاح الدین جاوید کی قرات سے ہوا ۔ بارگاہ رسالت مآبﷺ میں داؤد قادری ، عبدالکریم رضوی نے ہدیہ نعت پیش کی ۔ نظامت کے فرائض مولانا محمد شبیر علی اعظمی نے انجام دئیے ۔ محمد شاہد اقبال قادری نے مہمان علاء کرام کا استقبال کیا ۔ مولانا نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ قرآن کے آفاقی پیغام کو سمجھنا از حد ضروری ہے عصر حاضر میں مسلمانوں کے جو تباہ کن حالات ہیں اس کی سب سے بڑی وجہ قرآن اور صاحب قرآن سے دوری ہے ۔ آج وقت ہے کہ ہم اپنی اولاد کو قرآن کی تعلیم اور صاحب قرآن سے محبت سکھائیں ورنہ بروز حشر بڑی رسوائیوں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دوسرے مہمان مقرر مولانا محمد فاروق نظامی علیمی ممبئی نے کہا کہ عصر حاضر امت مسلمہ کے لیے ایک بڑا چیالنج ہے جب ہم 313 تھے تو ہزاروں پر بھاری تھے اور فاتح تھے یہ قرآن اور صاحب قرآن کی محبت کا نتیجہ تھا ، جب ہم مٹھی بھر تھے تو ہزاروں کا مجمع ہمارے دبدبے اور ایمانی حرارت سے لرز جاتا تھا ۔ آج سائنس جن باتوں کا انکشاف کررہی ہے قرآن مجید میں 1440 سال قبل اس کا اعلان ہوچکا ہے کیا یہ ہمارے لیے عبرت نہیں کیا ہم نے کبھی سونچا کہ ہم قرآن کا حق ادا کررہے ہیں کیا ہم صاحب قرآن نبی پاک ﷺ کی سنتوں کو اپنا رہے ہیں اور آپ کی حیات طیبہ کو سامنے رکھ کر اپنی زندگی گذار رہے ہیں نہیں آج ہم قرآن اور صاحب قرآن کو چھوڑ کر دنیا داروں کی محبت میں مبتلا ہوچکے ہیں کیا یہ ہماری تباہی کا ذریعہ نہیں بنے گا ، غور کریں۔ مولانا سید شاہ عبدالمعز حسینی قادری شرفی نے کہا کہ رب تعالیٰ نے امت مسلمہ کو ماہ رمضان المبارک میں ایک عظیم شب عطا کی جس میں قرآن مجید کا نزول ہوا ۔ جسے لیلۃ القدر کہا جاتا ہے اور رب تعالیٰ نے فرمایا کہ یہ قدر والی رات ہزاروں مہینوں سے افضل ہے ۔ قرآن مجید امت مسلمہ کے لیے ہدایت کا عظیم تحفہ ہے جس میں دنیا کے ہر چیالنج کا جواب موجود ہے ۔ مولانا مفتی محمد منور اشرفی نے کہا کہ قرآن مجید کے پیغام کو سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ جہاں قرآن پاک میں امت مسلمہ کو ہدایت کی طرح کی تعلیم دی گئی ہے وہیں قرآن مجید کے اس فیضان کو بھی سمجھایا گیا ہے کہ وہ شفاء ہے آج بھی ہم نبی پاک ﷺ کے عشق کو دل میں سماتے ہوئے قرآن مجید کی تعلیمات کی طرف نظر کریں تو ہمارے سامنے ایسے ایسے انکشافات آئیں گے کہ ہماری عقل حیران ہوجائیگی۔ جہاں قرآن نے ہمارے آقا و مولا نبی کریم ﷺ کی عظمت و توقیر بتلائی ہے وہیں گستاخان رسولﷺ کے انجام کو بھی بتادیا ۔ مولانا محمد اقبال احمد رضوی القادری ، مولانا محمد عبدالنعیم قادری نے بھی خطاب کیا ۔ محمد عادل اشرفی ، محمد اسلم اشرفی ، سید طاہر حسین قادری ، محمد عارف ، محمد عبید اللہ سعدی قادری نے انتظامات کئے ۔ آخر میں صلوۃ و سلام اور دعا پر کانفرنس کا اختتام عمل میں آیا ۔۔