قذافی اسٹیڈیم کے نزد خودکش دھماکہ ‘ زمبابوے آج آخری ونڈے کھیلے گی

لاہور ۔30مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) زمبابوے کی ٹیم جو کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف ونڈے سیریز میں مصروف ہے ‘ تاہم گذشتہ رات جب دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ونڈے کھیلا جارہا تھا تو اس دوران اسٹیڈیم کے نزد ایک دھماکہ ہوا جسے ابتداء میں پاور ٹرانسفارمر میں دھماکہ قرار دیا تھا لیکن بعدازاں عہدیداروں نے کہا کہ اسٹیڈیم سے تقریباً دیڑھ کلو کے فاصلے پر جو دھماکہ ہوا وہ ایک خودکش دھماکہ تھا ۔ ابتداء میں ’جیونیوز‘ نے خبر دی تھی کہ مقابلہ کے وقت رات 9بجے رکشہ میں رکھا گیا پاور ٹرانسفارمر دھماکہ سے اڑ گیا لیکن وفاقی مواصلاتی وزیر پرویز رشید نے توثیق کی ہے کہ میدان کے نزد ایک خودکش دھماکہ ہوا جس میں ایک پولیس عہدیدار کی موت واقع ہوئی ہے ۔ جب کہ چار زخمی افراد کو فوری طور پر دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں سب انسپکٹر عبدالمجید کو مردہ قرار دیا گیا ۔ پی سی بی کے ترجمان نے میڈیا سے کہا کہ گذشتہ رات ہوئے دھماکے کے بعد عوام میں خوف و ہراس کے ماحول کو پھیلنے نہ دینے کیلئے ابتدائی اقدامات کئے گئے ۔ دریں اثناء خودکش دھماکہ کے باوجود زمبابوے کی ٹیم نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ سیریز مکمل کرے گی اور دونوں ٹیموں کے درمیان ونڈے سیریز کا تیسرا اور آخری مقابلہ کل کھیلا جائے گا ۔پی سی بی کے ترجمان آغا اکبر نے کہا کہ دھماکہ سناگیا تھا لیکن اس کے باوجود عوام نے پُرسکون انداز میں مقابلہ کا مشاہدہ کیا ۔ دھماکہ کے متعلق ڈی آئی جی آپریشن پنجاب پولیس ڈاکٹر حیدر اشرف نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ اس دھماکہ میں تین پولیس عہدیدار ہلاک ہوئے ہیں ۔ جب کہ ایک اور خبر کے مطابق اس دھماکہ میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ میدان کے نزد دھماکہ کے باوجود زمبابوے کی ٹیم کل اپنا آخری مقابلہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد وہ یکم جون کو وطن واپس لوٹ جائے گی ۔