قدیم ملک پیٹ میں سڑکوں کی کھدائی سے عوام کو زبردست تکالیف

جگہ جگہ کھڈ ، کئی دنوں سے کام جاری ، عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کی لاپرواہی
حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( راست ) : گنجان آبادی والے علاقہ قدیم ملک پیٹ میں مارکٹ سے پانی کی ٹانکی اور اس محلہ کی دوسری سڑکوں پر بے ترتیب اور سست کھدائی کے کام سے اہلیان محلہ بالخصوص اسکول کی بسوں اور آٹوز اور راہگیروں ، ضعیف العمر افراد کو کافی مشکلات اور تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ مکانات کے روبرو سڑکیں کئی دنوں سے کھود دی گئی ہیں جس سے مکینوں کو مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ کاروبار بری طرح ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے ۔ اس محلہ کی سڑکوں کی کھدائی کا کام شروع ہو کر ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے جس سے انسانی جانوں کو رات کے اوقات میں خطرہ لاحق ہے ۔ بلدیہ کی لاپرواہی کے باوجود کسی عہدیدار اور متعلقہ حلقہ کے کسی بھی عوامی نمائندے کا دورہ نہیں ہوا جس کی وجہ سے اس محلہ کی عوام میں برہمی پائی جاتی ہے ۔ مکینوں نے سڑکوں کی جلد سے جلد تعمیر کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے ۔۔