قدرتی گیس : یوکرائن، روس اور یورپی یونین کی معاملت

برسلز ، 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) یوکرائن کو موسم سرما میں قدرتی گیس کی سپلائی بحال کرنے کیلئے روس، یوکرائن اور یورپی یونین کے مابین سہ فریقی معاہدہ طے پا چکا ہے۔ ماضی قریب میں یوکرائن بحران پر روس نے یورپی یونین کو گیس کی سربراہی روک دینے کی دھمکی دی تھی۔ گزشتہ روز برسلز میں یورپی کمیشن کے سبکدوش ہونے والے صدر یوزے مانوئیل باروسو کی نگرانی میں اس معاملت پر دستخط کئے گئے۔ قبل ازیں مذاکرات معطل کر دیے گئے تھے کیونکہ ماسکو کو یورپی یونین کی طرف سے یہ یقین دہانی چاہیے تھی کہ وہ واجبات کی ادائیگی میں کییف کی مدد کرے گی۔ بعد ازاں مذاکرات جمعرات کی شام دوبارہ شروع ہوئے۔ یوکرائنی وزیر اعظم آرسینی یاٹسینی یْک نے بتایا کہ معاہدے کے تحت یوکرائن رواں برس کے اختتام تک فی ایک ہزار کیوبک میٹر گیس کیلئے 378 ڈالر ادا کرے گا جبکہ 2015ء کی پہلی سہ ماہی میں 365 ڈالر ادا کئے جائیں گے۔