قتل کے ملزم کے راج ناتھ سنگھ کو پگڑی باندھنے پر تنازعہ

تیرواننتاپورم۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک آر ایس ایس کارکن اور قتل کے مقدمہ میں ملزم قرار دیئے ہوئے شخص نے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو گزشتہ ہفتہ ان کے دورہ کے موقع پر پگڑی باندھ کر ایک تنازعہ کھڑا کردیا۔ راج ناتھ سنگھ، سری پدمنابھ سوامی مندر کا گزشتہ ہفتہ دورہ کررہے تھے جب وہ پوجا کرنے کے بعد مندر سے باہر آئے تو آر ایس ایس کارکن سنتوش ان کے قریب پہنچا اور مقامی بی جے پی قائدین اور صیانتی گارڈس کی مرضی سے ان کے سر پر پگڑھی باندھی جب قتل کے مقدمہ کا کلیدی ملزم جو ضمانت پر رہا ہے، راج ناتھ سنگھ کو پگڑی باندھ رہا تھا تو ریاستی وزیر داخلہ رمیش چنی تھالہ نے آج تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سنگین معاملہ ہے، حالانکہ کیرالا پولیس پر صیانتی انتظامات میں کوتاہی کا الزام عائد نہیں کیا جاسکتا، لیکن راج ناتھ سنگھ کو قومی صیانتی گارڈس کی صیانت بھی حاصل ہے۔ انہوں نے اس شخص کو کیوں نہیں روکا۔ مقامی ذرائع ابلاغ نے سنتوش کے راج ناتھ سنگھ کو پگڑی باندھنے کی تصویریں لے لی ہیں۔ سی پی آئی ایم کے رکن اسمبلی وی سیواکٹی نے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کی جائیں اور ریاستی کانگریس زیرقیادت حکومت اور بی جے پی کی ریاستی شاخ کو اس واقعہ کی وضاحت کرنی چاہئے، تاہم بی جے پی کے ضلع صدر سریش نے سی پی آئی ایم پر الزام عائد کیا کہ وہ مایوسی کے عالم میں غیرضروری الزامات عائد کررہی ہے۔