قتل کی سازش بے نقاب ،دو افراد گرفتار

حیدرآباد ۔ /27 ڈسمبر (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے قتل کی سازش کو بے نقاب کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے مہلک ہتھیار برآمد کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جے مہیندر ریڈی اپنے بزنس پارٹنر ایم رام لنگا ریڈی کے ہمراہ سابق بزنس پارٹنر کے سیدولو کے قتل کا منصوبہ تیار کیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ ملزمین نے سال 1990 ء میں سیدولو کی مدد سے ریاستی فینانس کارپوریشن سے 98 لاکھ کا قرض حاصل کرتے ہوئے ویویک آرٹ پرنٹرس واقع ودیا نگر میں قائم کیا تھا ۔

سیدولو کا تعلق درج فہرست طبقہ سے ہونے کے باعث مذکورہ ملزمین نے اس کے نام پر قرض حاصل کیا تھا اور اس کے لئے سیدولو کو 22 لاکھ روپئے بھی دیئے گئے تھے ۔ دیڑھ سال کے بعد تینوں کے درمیان فینانس کارپوریشن کو قرض کی ادائیگی کے مسئلہ کو لیکر اختلافات پیدا ہوگئے ۔ جس کے سبب سیدولو نے جاپان سے درآمد پرنٹنگ مشین کو ویویک پرنٹر سے جبراً حاصل کرلیا تھا ۔ سیدولو کی اس حرکت کے بعد مہیندر ریڈی اور رام لنگا ریڈی اس کو قتل کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا اور اس سلسلے میں دو خنجر بھی حاصل کئے گئے ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس پولیس نے مذکورہ ملزمین کو گرفتار کرلیا اور انہیں نلہ کنٹہ پولیس کے حوالے کردیا ۔