ف4فیصد تحفظات پر عمل کرنے ڈائرکٹر آف فیکٹریز کا اقلیتی کمیشن کو تیقن

قضاۃ میں اصلاحات کیلئے وقف بورڈ سے وضاحت طلبی، صدر نشین کمیشن محمد قمر الدین کا حکومت کو مکتوب

حیدرآباد۔/29 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر نشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن محمد قمر الدین کی جانب سے ڈائرکٹر آف فیکٹریز کو تقررات کے سلسلہ میں 4 فیصد مسلم تحفظات پر عمل آوری سے متعلق جاری کردہ نوٹس کا جواب موصول ہوا ہے۔ ڈائرکٹر فیکٹریز نے صدرنشین سے ربط قائم کرتے ہوئے تیقن دیا کہ محکمہ میں مخلوعہ جائیدادوں پر عنقریب تقررات عمل میں آئیں گے اور بی سی ای زمرہ کے تحت 4 فیصد تحفظات پر عمل کیا جائے گا۔ صدرنشین اقلیتی کمیشن نے ڈائرکٹر فیکٹریز سے مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات طلب کی جس پر مختلف زمروں میں موجود جائیدادوں کی تفصیل کمیشن کو روانہ کی گئی ہے۔ ڈائرکٹر فیکٹریز نے بتایا کہ ڈائرکٹوریٹ میں جملہ جائیدادوں کی تعداد 129 ہے جن میں 44 جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ مخلوعہ جائیدادوں میں میڈیکل انسپکٹر، اسسٹنٹ ڈرافٹسمین، سینئر اسسٹنٹ، جونیر اسسٹنٹ، جونیر اسٹینو، ٹائپسٹ، انسپکٹر فیکٹریز، اسسٹنٹ انسپکٹر فیکٹریز، جونیر اسسٹنٹ، ٹائپسٹ، آفس سب آرڈینیٹ اور واچ مین کی جائیدادیں شامل ہیں۔ صدرنشین کمیشن نے محکمہ قضاۃ میں اصلاحات کیلئے موصولہ نمائندگی پر سکریٹری اقلیتی بہبود کو نوٹس جاری کی تھی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے نظام قضاۃ میں بہتری اور قاضیوں کیلئے حدود کے تعین جیسے اُمور کو قطعیت دینے کیلئے چیف ایکزیکیٹو آفیسر تلنگانہ وقف بورڈ سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر سے رپورٹ اور تجاویز ملنے کے بعد سکریٹری احکامات جاری کریں گے۔ اقلیتی کمیشن نے سکندرآباد میں واقع ایک پارسی اسکول کی تزئین نو اور صد سالہ تقاریب کیلئے مالی امداد فراہم کرنے محکمہ اقلیتی بہبود سے سفارش کی تھی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے اس مسئلہ کو ڈائرکٹر اقلیتی بہبود سے رجوع کیا ہے تاکہ وہ اس کا جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ محمد قمر الدین نے کہا کہ اقلیتی کمیشن اقلیتی طبقات کو درپیش تمام مسائل کی یکسوئی کیلئے حکومت سے نمائندگی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس شعبہ میں بھی ناانصافی سے متعلق شکایات موصول ہوں گی اُن کو متعلقہ محکمہ جات سے رجوع کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کمیشن کے قیام کے بعد سے مختلف محکمہ جات کے بارے میں شکایات موصول ہوئی ہیں اور کمیشن نے نوٹسیں جاری کی ہیں۔ہر ماہ کمیشن کے اجلاس میں ان شکایات کی سماعت کرتے ہوئے احکامات جاری کئے جارہے ہیں۔