ف2+1فارمولہ کرناٹک الیکشن کا دلچسپ موضوع

مودی اور سدا رامیا میں نوک جھونک ، سوشیل میڈیا میں دھوم
حیدرآباد ۔ یکم مئی (سیاست نیوز) کرناٹک میں وزیراعظم نریندر مودی کے قدم رکھتے ہی اسمبلی انتخابات کی مہم عروج پر پہنچ چکی ہے ۔ مودی اور چیف منسٹر سدا رامیا کے درمیان پہلے ہی دن دلچسپ نوک جھونک ہوئی ۔ مودی نے جلسہ عام میں چیف منسٹر کو نشانہ بنایا جس کا جواب سدا رامیا نے ٹوئیٹر پر دیا۔ وزیراعظم نے چیف منسٹر پر طنز کرتے ہوئے ریمارک کیا کہ کرناٹک میں 2+1 فارمولہ پر عمل کیا جارہا ہے ۔ اس سے مراد چیف منسٹر کی جانب سے دو اسمبلی حلقوں سے مقابلہ اور ایک اسمبلی حلقہ سے ان کے فرزند کا مقابلہ میں حصہ لینا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شکست کے خوف سے سدا رامیا دو حلقوں سے مقابلہ کر رہے ہیں اور انہوں نے اپنے موجودہ حلقہ انتخاب میں فرزند کو قربان ہونے کیلئے چھوڑ دیا ہے۔ مودی نے کہا کہ 2+1 ایکسچینج فارمولہ کے تحت دو نشستوں کے عوض ایک سیٹ مفت حاصل کرلی گئی۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ کرناٹک کے بعض وزراء 1+1 فارمولہ پر عمل کر رہے ہیں یعنی ایک کی خریدی پر ایک مفت۔ وزراء نے اپنے رشتہ داروں کو بھی میدان میں اتارا ہے۔ وزیراعظم کے اس ریمارک کو سوشیل میڈیا میں کافی تشہیر ملی جس کے فوری بعد چیف منسٹر سدا رامیا نے ٹوئیٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2014 ء لوک سبھا انتخابات میں وزیراعظم نے دو حلقوں سے مقابلہ کیا تھا ۔ انہوں نے مزید لکھا کہ نریندر مودی خود بھی 2+1 فارمولہ پر عمل پیرا ہیں۔ دو ریڈی اور ایک یو ڈی کے سہارے الیکشن جیتنا چاہتے ہیں۔ ریڈی سے مراد مائیننگ کے ریڈی برادران اور یو ڈی سے مراد یدی یورپا ہیں۔ وزیراعظم کے کرناٹک میں پانچ روزہ دوروں کا آج سے آغاز ہوا ، وہ 15 انتخابی ریالیوں سے خطاب کریں گے۔ امید کی جارہی ہے کہ مودی کے ریمارکس اور کانگریس کے جوابی ریمارکس کا دلچسپ تبادلہ ہوگا۔ مودی نے صدر کانگریس راہول گاندھی کو بھی اپنے طنزیہ جملوں کے ذریعہ تنقید کا نشانہ بنایا۔ مودی نے کہا کہ راہول گاندھی 15 منٹ تک بغیر کسی کاغذ کے تقریر کر کے دکھائیں۔ انہوں نے راہول کو نام دھاری اور خود کو کام دھاری قرار دیا۔