فیڈرر کا انڈین ویلس کے فائنل میں تھم سے مقابلہ

انڈین ویلس ۔ 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) 20 گرانڈ سلام خطابات حاصل کرچکے سابق عالمی نمبر راجر فیڈرر اپنے کریر کے 101 ویں خطاب سے ایک قدم دور ہیں جیسا کہ گزشتہ رات سیمی فائنل میں ان کے کٹر حریف رافیل نڈال گھٹنے کی تکلیف کے باعث مقابلے میں شرکت ہی نہیں کرپائے۔ نڈال کے انڈین ویلس کے سیمی فائنل میں دستبردار ہونے کے بعد فیڈرر کو بہ آسانی فائنل میں رسائی کا موقع مل گیا ہے، وہ اب نواک جوکووچ کے 5 خطابات کے مشترکہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک قدم آگے بڑھ سکتے ہیں۔ انڈین ویلس میں ریکارڈ چھٹے خطاب کیلئے انہیں فائنل میں ساتویں درجہ کے آسٹریائی ٹینس اسٹار ڈومینک تھم کو شکست دینا ہوگا جو کہ اپنے کریر میں پہلا اے ٹی ٹی ماسٹرس 1000 خطاب کے خواہاں ہیں۔ تھم نے سیمی فائنل میں کینیڈا کے ٹینس اسٹار میلوس رانک کو سخت مقابلے کے بعد 7-6،6-7، 6-4 سے شکست دی ہے۔ خطاب کیلئے فیڈرر کی راہ کسی قدر آسان تصور کی جارہی ہے، حالانکہ ان کا ڈومینک کے خلاف تاحال کھیلے گئے چار مقابلوں میں کامیابی کا ریکارڈ 2-2 ہے اور دونوں ہی کھلاڑیوں نے مساوی فتوحات حاصل کئے ہیں۔ آخری مرتبہ دونوں کا سامنا 2018ء میں لندن کے اے ٹی پی فائنلس میں ہوا تھا جہاں فیڈرر نے راست سیٹوں میں 6-2، 6-3 کی کامیابی حاصل کی تھی۔