فیڈرر میامی اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں داخل

کی بسکین ۔26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں جاری میامی اوپن میں راجر فیڈرر نے اپنے حریف سربیائی کھلاڑی فلیپ کراجی نووچ کو راست سٹوں میں 7-5 6-3. سے شکست دیکر چوتھے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ یہاں چوتھے خطاب کا تعاقب کررہے فیڈرر کو پہلے سٹ میں محنت کرنی پڑی لیکن دوسرے سٹ میں انہوں نے اپنے حریف کو کوئی موقع نہیں دیا۔علاوہ ویمنزسنگلز ایونٹ میں نمبر بارہ سیڈ آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی نے نمبر سات سیڈ ہالینڈ کی ککی برٹینز کو 4-6،6-3 اور 6-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل مرحلے میں نشست پکی کرلی۔ اس سے قبل لاسٹ 32 راؤنڈ کے میچوں میں نمبر دو سیڈ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے سلووینیا کی پولونا ہرکوگ کو ٹھکانے لگایا جبکہ قازقستان کی یولیا پوٹینٹسیوا نے نمبرگیارہ سیڈ لٹویاکی انستاسیا سیوسٹووا، جرمنی کی ٹاٹیانا ماریا نے نمبر چار سیڈ امریکہ کی سلون اسٹیفنز اور مارکیٹا ونڈوروسووا نے نمبر 16 سیڈ بیلجیئم کی ایلیس میرٹینز کو حیران کن ناکامی برداشت کرنے پر مجبور کیا۔ امریکہ کی سرینا ولیمز نے نمبر18 سیڈ چین کی چیانگ وانگ کیخلاف دستبرداری کا فیصلہ کرلیا ۔