فیڈررکی مہنگی ٹکٹوں پر تنقید،خطاب کیلئے پرعزم

روم۔16 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) 20 مرتبہ کے گرانڈ سلام کے چیمپئن اورسوئس اسٹار کھلاڑی راجر فیڈرر نے اٹالین اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کی انتظامیہ کو ٹکٹوں کے معاملے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایونٹ کے دوران ٹکٹوں کی زیادہ قیمتیں باعث تشویش ہیں۔ 37 سالہ ٹینس اسٹارکی 2016ء کے بعد کلے کورٹ میں واپسی ہوئی ہے۔ ٹینس کی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود فیڈرر نے ٹکٹوں کے معاملے انتظامیہ سے ناراضگی کا اظہارکیا اور کہا کہ انتظامیہ کو شائقین کا خیال رکھنا چاہیے تھا جو اتنے مہنگے ٹکٹ خرید کر میچ دیکھنے کے لئے آتے ہیں۔ راجر فیڈرر نے کہا کہ اٹالین ٹینس ٹورنمنٹ میں حصہ لینے پر کافی خوش ہوں۔ شائقین کی بڑی تعداد کی آمد کے باعث یہاں کا ماحول کافی شاندار ہو چکا ہے۔ 2016ء میں اٹالین اوپن ٹورنمنٹ کے دوران راجر فیڈررکو حریف کھلاڑی ڈومینک تھیم نے تیسرے رائونڈ میں ہی شکست دیدی تھی۔ راجر فیڈرر نے کہا ہے کہ میں میڈرڈ اوپن میں اچھا کھیل پیش کر چکا ہوں۔ اس مرتبہ اٹالین اوپن ٹورنمنٹ جیتوں گا۔