فینانس کا قلمدان جے ڈی ایس ‘ اُمور داخلہ کانگریس کو دینے کا فیصلہ

کمارا سوامی کے چیف منسٹر بننے کے بعد سے اہم قلمدانوں کی تقسیم پر دونوں جماعتوں کی نظریں
نئی دہلی ۔ 31مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک میں قلمدانوں کی تقسیم کے مسئلہ پر ہوئی گفت و شنید کے بعدف مخلوط حکومت بنانے والے الائنس کے پارٹنرس نے یہ فیصلہ کیا کہ فینانس کا قلمدان جے ڈی ایس کو اور محکمہ داخلہ کا قلمدان کانگریس کو دیا جائے ۔ ان پارٹیوں کے اعلیٰ ذرائع نے آج یہ بات بتائی ۔ ان دو جماعتوں کے قائدین نے کل سے پانچ دور کی بات چیت کی تاکہ پارٹنرس کے درمیان قلمدانوں کی تقسیم کو قطعیت دی جائے ۔ ذرائع نے کہا کہ صدر کانگریس راہول گاندھی قلمدانوں کی تقسیم کیمعاہدہ سے باخبر ہیں اور قائدین سے فون پر امریکہ سے باتک ی ہے ۔ جہاں وہ ان کی والدہ سونیا گاندھی کے ہیمراہ گئے ہیں ‘ جنہوں نے وہاں ایک میڈیکل چیک اپ کروایا ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ دو جماعتوں کے درمیان وزارت میں حصہ داری کے اُمور کو قطعیت دی جارہی ہے اور یہ قطعی مراحل میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باضابطہ اعلان کرنے کے فیصلہ کا انحصار دو جماعتوں کی قیادت پر ہوگا ۔ کانگریس کے جنرل سکریٹفی اور انچارج کرناٹ اُمور کے سی وینو گوپال اور جے ڈی ایس سکریٹری جنرل دانش علی بنگلورو کا دورہ کرتے ہوئے اس سلسلہ میں ان کے ریاستی سطح کے قائدین سے مزید بات چیت کریں گے اور قلمدانوں کی تقسیم کے مسئلہ کو قطعیت دیں گے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ دانش علی نے کہا کہ ہم نے ایکدوسرے کیساتھ پانچ دور کی بات چیتکی ہے اور یہ فیصلہ کیا کہ جے ڈی ایس کو فینانس کا قلمدان دیا جائے گا ‘ میں اب بنگلورو کے دورہ پر روانہ ہورہا ہوں تاکہ ہمارے پارٹی قائدین کے ساتھ مزید بات کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی اور سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا دونوں سے ملاقات کریں گے ۔ دو جماعتوں کے قائدین بشمول دانش علی کے ساتھ ساتھ کانگریس کے احمد پٹیل ‘ اشوک گہلوٹ اور وینوگوپال کا ایک اجلاس اس سلسلہ میں بات چیت کیلئے سینئر کانگریس قائد غلام نبی آزاد کی قیام گاہ پر منعقد ہوا تھا ۔ کرناٹک حکومت میں اہم اور کلیدی قلمدانوں کی تقسیم پر دو اتحادی پارٹنرس کے درمیان اس وقت سے تکرار ہے جب 23مئی کو کمارا سوامی نے چیفمنسٹر کا عہدہ سنبھالا تھا ۔