فیلنڈر کا افریقہ کیلئے تیز 100 وکٹیں لینے کا ریکارڈ

جوہانسبرگ ۔ 20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ورنان فیلنڈر جنوبی افریقہ کے لئے ٹسٹ کرکٹ میں سب سے تیز 100 وکٹیں حاصل کرنے والے نمبر ایک بولر بن گئے ہیں جیسا کہ انہوں نے ہندوستان کی دوسری اننگز میں مہمان اوپنر شکھر دھون کو سلپ میں جیک کیالس کے ہاتھوں کیچ آوٹ کروایا اور یہ ان کے کیریئر کی 100 ویں ٹسٹ وکٹ تھی جو انہوں نے 19 ویں مقابلہ میں حاصل کردی۔ اس طرح انہوں نے اپنے ساتھی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا کیونکہ ڈیل اسٹین نے یہ کارنامہ 30 ویں ٹسٹ میں انجام دیا تھا۔ فیلنڈر نے شیکھردھون کو شاٹ آف لینتھ گیند کے ذریعہ پویلین کی راہ دکھائی۔ اس ریکارڈ وکٹ کے حصول کے ساتھ فیلنڈر ٹسٹ کرکٹ میں تیزی کے ساتھ 100 وکٹیں حاصل کرنے والے بولروں کی فہرست میں مشترکہ چھٹے مقام پر پہنچ چکے ہیں جیسا کہ وہ جارج لوہمین سے پیچھے ہیں، جنہوں نے یہ کارنامہ سولہویں ٹسٹ میں انجام دیا تھا۔ علاوہ ازیں چارلی ٹرنر، سڈنی برنس اور کلاری گریمٹ نے 17 ویں مقابلہ میں 100 وکٹیں حاصل کی تھی جبکہ روی چندرن اشون نے 18 مقابلوں میں 100 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ فیلنڈر تیزی کے ساتھ 50 وکٹیں حاصل کرنے کی فہرست میں مشترکہ دوسرے مقام پر موجود ہیں۔ فیلنڈر کے اس کارنامہ پر اظہارخیال کرتے ہوئے ٹیم کے سابق سیاہ فام بولر مکھیا این تینی نے کہا کہ فاسٹ بولر کیلئے یہ سنگ میل ہے کیونکہ انہوں نے ثابت کیا ہیکہ وہ ہر قسم کے حالت میں بہتر مظاہرہ کرسکتے ہیں۔ فیلنڈر نے نومبر 2011ء میں آسٹریلیا کے خلاف کیپ ٹاؤن میں اپنے ٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اس موقع پر وہ گیری کرسٹن کی کوچنگ میں کھیلے تھے۔ فیلنڈر نے اپنی پہلی وکٹ کیریئر کی تیسرے اوور میں اس وقت لی تھی جب انہوں نے فلپ ہیوز کو مارک باوچر کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرایا تھا جوکہ باوچر کا 500 واں ٹسٹ کیچ تھا۔