فیفا کے مالی دیوالیہ کیخلاف شیخ سلمان کاانتباہ

لندن ۔ 30 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )فٹبال کی انجمنوں کے بین الاقوامی فیڈریشن ( فیفا ) کے صدارتی امیدوار اور بحران کے شہزادہ شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ نے خبردار کیا ہے کہ ان کے حریفوں کی طرف سے پیش کردہ تجاویز پر عمل آوری کی صورت میں فٹبال کے اس بین الاقوامی ادارہ کی حکمران کمیٹی آئندہ دو سال کے دوران مالیاتی دیوالیہ کا شکار ہوجائے گی ۔ ایک ایسے وقت جب فیفا پہلے ہی 100 ملین ڈالرس (92.2 ملین یوروس) کے خسارے کا  اعتراف کرچکا ہے ، شیخ سلمان اس بات پر بضد ہیں کہ اگر ان کے حریفوں میں سے کوئی سپ بلاٹر کی جگہ منتخب ہوتے ہوئے مصارف کے اپنے منصوبوں پر عمل کریں گے تو سوئٹزرلینڈ میں واقع اس ادارہ کے خزانے 2018 ء تک خالی ہوجائیں گے ۔ شیخ سلمان نے کہا کہ میرا منصوبہ ہے کہ اس ادارہ کو دیوالیہ کا شکار نہ بنایا جائے بلکہ اس کی آمدنی میں اضآفہ کے نئے ذرائع تلاش کئے جائیں۔ ایشین فٹبال کانفیڈریشن کے طاقتور سربراہ شیخ سلمان فیفا کی صدارت کیلئے فرانسیسی فیفا عہدیدار جیروم شیمپن سے مقابلہ کررہے ہیں ۔