فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے ہونہار طلبہ کی امداد

حیدرآباد ۔ 31 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : ملت کے ہونہار ضرورت مند طلبہ کی مدد میں روزنامہ سیاست کے ساتھ آگے آگے رہنے والے فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے بورہ بنڈہ کے رہنے والے بہن بھائی محمد شہباز اور نہا انجم کو تعلیمی امداد پیش کی گئی ۔ آر بی آئی کے سابق ڈائرکٹر جناب ایس اے حسین اور ان کی اہلیہ فریدہ حسین نے محمد شہباز کو فیض عام ٹرسٹ سے رجوع کروایا تھا ۔ جہاں سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے حوصلہ افزائی کرتے ہوئے شہباز کو 2006 تا 2017 ( ایل کے جی تا دسویں جماعت ) تعلیمی اخراجات کی تکمیل کروائی ۔ اس لڑکے نے ایس ایس سی میں 82 فیصد نمبرات حاصل کئے ۔ اب اسے ایم ایس کالج میں انٹر میڈیٹ ایم پی سی میں داخلہ دلایا گیا ہے ۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ شہباز کی بڑی بہن نہا انجم نے بھی ایس ایس سی میں 98 فیصد نمبرات حاصل کئے ۔ ان کے والد میوہ فروش ہیں ۔ اگرچہ گھر والے تعلیمی اخراجات کی پابجائی سے قاصر تھے ۔ اس لڑکی نے بھی فیض عام ٹرسٹ سے رجوع ہو کر مدد طلب کی اور بتایا کہ وہ چارٹرڈ اکاونٹنٹ بننے کی خواہاں ہے ۔ جس پر اسے بھی سلطان العلوم کالج میں داخلہ دلایا گیا ۔ دونوں کو رقمی امداد جناب ایس اے حسین کے ہاتھوں پیش کی گئی ۔ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ کے مطابق شہباز کی تعلیم پر 94360 روپئے کے اخراجات آئے ۔ ان بچوں کے جذبہ کو دیکھتے ہوئے فیض عام ٹرسٹ نے ان کے ایک اور بھائی کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کی ذمہ داری لی ہے ۔۔