فیرپرائس شاپ ڈیلرس کے مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ

۔5 جولائی سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کرنے کی دھمکی
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( پی ٹی آئی ) : تلنگانہ میں فیر پرائس شاپ ڈیلرس نے دیرینہ بقایا جات کی ادائیگی اور روزگار کی حفاظت و سلامتی کی فراہمی جیسے مطالبات قبول کرنے میں حکومت کی ناکامی پر 5 جولائی سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کرنے کی دھمکی دی ہے ۔ فیر پرائس شاپ ڈیلرس اسوسی ایشن کے صدر این راجو نے دعویٰ کیا کہ فیر پرائس شاپ ڈیلرس اس ریاست میں ناکافی کمیشنوں پر کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت تقریبا 600 کروڑ روپئے کے بقایا جات ہنوز جاری نہیں کی ہے ۔ حالانکہ یہ رقم مرکز کی طرف سے آتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلرس بھی بطور احتجاج ( ڈیمانڈ ڈرافٹس کے ذریعہ ) حکومت کو رقم ادا نہیں کررہے ہیں ۔ فیر پرائس ڈیلرس کے مختلف مطالبات کو قبول کرنے سے ریاستی حکومت انکار کرچکی ہے اور خواتین کے خود امدادی گروپوں کے ذریعہ ضروری اشیاء کی تقسیم و سربراہی کو یقینی بنانے کے انتظامات کررہی ہے ۔