فیئر پرائس شاپ ڈیلرس کے کمیشن کے بقایا جات کی ہریش رائو کے ہاتھوں تقسیم

تمام مستحق افراد کو راشن کارڈ جاری کرنے کی ہدایت، ٹی آر ایس کے جلسہ میں سدی پیٹ سے 40 ہزار افراد کی شرکت
حیدرآباد۔ 31 اگست (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش رائو نے سدی پیٹ میں فیرپرائز شاپ ڈیلرس کے کمیشن کے بقایاجات تقسیم کیے۔ ضلع کلکٹر کرشنا بھاسکر نے ہریش رائو کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کے ٹی سی بھون میں تقریب منعقد کی گئی تھی۔ رکن اسمبلی رام لنگا ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔ ہریش رائو نے خطاب کرتے ہوئے سابقہ حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سابق حکومتوں کی غلطیوں کی ٹی آر ایس حکومت اصلاح کررہی ہے۔ سابقہ حکومتوں میں اپنی بے حسی کے ذریعہ سیول سپلائز ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی کو متاثر کردیا تھا۔ ہریش رائو نے کہا کہ راشن ڈیلرس کی خدمات عوام کی سہولت کے لیے ہونی چاہئے۔ ادارے میں شفافیت کو بحال کرنے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔ ٹی آر ایس حکومت برسر اقتدار آنے کے بعد مختلف فلاحی اسکیمات اور پروگراموں کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے جوائنٹ کلکٹر کو ہدایت دی کہ تمام مستحق افراد کو نئے راشن کارڈ جاری کیے جائیں۔ ٹی آر ایس حکومت عوامی مسائل کی یکسوئی میں سنجیدہ ہے اور گزشتہ 25 مہینوں کے کمیشن کے بقایا جات ڈیلرس کو ادا کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد راشن کارڈ ڈیلرس کو شناختی کارڈس جاری کیے جائیں گے۔ ہریش رائو نے کہا کہ ڈیلرس کے مسائل کی یکسوئی میں چیف منسٹر سنجیدہ ہیں۔ ہر غریب کو غذا فراہم کرنے کے مقصد سے چیف منسٹر نے ہر شخص کے لیے چھ کیلو چاول کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد تمام مستحقین کو نئے راشن کارڈس جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری اسکولوں، ہاسٹلس اور آنگن واڑی سنٹرس میں باریک چاول سربراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اسکیم کو عوام تک پہنچانے میں راشن کارڈ ڈیلرس نمایاں رول ادا کرسکتے ہیں۔ گزشتہ حکومتوں کے مقابلہ موجودہ حکومت میں راشن ڈیلرس مقام و مرتبہ میں اضافہ ہوا ہے۔ ہریش رائو نے بتایا کہ ضلع کے 680 راشن ڈیلرس کو کمیشن کے بقایاجات جاری کیے گئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے ضلع کلکٹر کرشنا بھاسکر ضلع میں سرکاری اسکیمات پر موثر عمل آوری پر توجہ دیں گے۔ 2004ء میں جس وقت ہریش رائو وزیر یوتھ سرویسس تھے، کرشنا بھاسکر اس محکمہ کے پرنسپل سکریٹری رہے۔ اسی دوران ہریش رائو نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے 2 ستمبر کے پرگتی نویدنا پروگرام میں بھاری تعداد میں عوام کی شرکت کی اپیل کی۔ سدی پیٹ اسمبلی حلقہ سے 40 ہزار سے زیادہ افراد شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریکٹرس کے ذریعہ ہفتہ کی رات تک یہ افراد جلسہ گاہ پہنچ جائیں گے۔