فیئر پرائس شاپ بند نہ کرنے پر خاتون پر حملہ

بھوبنیشور ۔ 31 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اڈیشہ کے ضلع گنجم میں ایک خاتون کو شرپسندوں نے چاقو گھونپ کر جلادیا ۔ شرپسند چاہتے تھے کہ خاتون اپنی فیئر پرائش شاپ بند کردے ۔ اس سلسلہ میں پولیس نے چار افراد کو گرفتار کیا اور مزید ایک ملزم کی تلاش جاری ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ شرپسندوں نے 30 سالہ پرنیتی داس پریمبیر پر رات میں اُس وقت حملہ کیا جب وہ اپنے مکان واپس جارہی تھی ۔ شرپسندوں نے انتہائی سفاکانہ طورپر پہلے اُسے چاقو گھونپ دیا اور بعد ازاں اُس کے جسم پر کیروسین چھڑک کر نذر آتش کردیا۔ اس دلسوز واقعہ کے کچھ عینی شاہدین نے خاتون کو ہاسپٹل منتقل کردیا

جہاں اُس کی حالت مزید بگڑنے کے بعد اُسے آندھراپردیش کے وشاکھاپٹنم میں واقع ایک ہاسپٹل میں شریک کیا گیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکی۔ مذکورہ خاتون ایک فیئر پرائس شاپ چلاتی تھی جہاں وہ رعایتی نرخوں سے راشن ، کیروسین اور دیگر گھریلو اشیاء فروخت کیا کرتی تھی ۔ قبل ازیں اُسے کئی بار دوکان بند کرنے کی دھمکیاں دی جاچکی ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس سپرنٹنڈنٹ اے کے سنگھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ پانچویں ملزم کی تلاش جاری ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ہم اپنی تحقیقات جلد ہی ختم کرلیں گے اور اندرون 15 تا 20 دن فرد جرم عائد کریں گے ۔