فٹ پاتھس پر ناجائز قبضہ جات برخاستگی مہم کی ستائش

بلدیہ اور ڈائرکٹوریٹ انفورسمنٹ ویجلنس کو مہم جاری رکھنے کی ہدایت : کے ٹی آر

حیدرآباد۔30جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہر وں میں جاری فٹ پاتھ پر موجود قبضہ جات کی برخواستگی کے سلسلہ میں مہم کے دوران آج 8000ناجائز قبضوں کو ہٹانے اور فٹ پاتھ خالی کروائے جانے پر ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے جی ایچ ایم سی کے شعبہ ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ‘ ویجلنس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی سراہنا کرتے ہوئے فٹ پاتھ کو قبضوں سے پاک بنانے کی مہم جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں پیدل راہروؤں کو چلنے کی لئے جگہ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں شروع کی گئی اس مہم کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ مسٹر وسواجیت کمپاٹی آئی پی ایس کی نگرانی میں چلائی جا رہی اس مہم کے دوران فٹ پاتھ پر کی گئی مستقل تعمیرات اور عارضی قبضہ جات کی برخواستگی کے بعد ان کی تصویر کشی کرتے ہوئے محفوظ کیا جا رہاہے اور دوبارہ اس جگہ پر قبضہ کی کوشش کی صورت میں فوجداری مقدمات درج کرنے کا انتباہ دیا جارہا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کی جانے والی اس کاروائی کو شہر کے دیگر علاقوں تک وسعت دینے کے سلسلہ میں عہدیداروں نے بتایا کہ یہ مہم شہر کے کئی علاقوں میں جاری ہے اور شہر کے کئی مقامات پر فٹ پاتھ پر موجود قبضوں کے سلسلہ میں عوام خود اب بلدیہ کو شکایات روانہ کر رہے ہیں تاکہ ان قبضوں کو برخواست کروایا جاسکے ۔ پرانے شہر میں سعید آباد‘ آئی ایس سدن‘ سنتوش نگر‘ ڈی آر ڈی ایل سے چندرائن گٹہ جانے والی سڑک پر موجود قبضہ جات کو برخواست کیا گیا لیکن اس دوران بلدی عہدیداروں پرسیاسی مخاصمت کی بنیادوں پر کاروائی کا بھی الزام عائد کیا جانے لگا ہے ۔ بلدی عہدیداروں نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فٹ پاتھ یا سڑک پر موجود کسی بھی قبضہ کو برداشت نہیں کیا جائے گا چاہے کتنی ہی بااثر شخصیت کی جانب سے یہ قبضہ کیا گیا ہواسے برخواست کردیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ چندرائن گٹہ سڑک پر جاری کاروائی اب فلک نما‘ انجن باؤلی‘ علی آباد‘ شاہ علی بنڈہ سڑک پر شروع کیا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے فٹ پاتھ پر موجود قبضہ جات کی برخواستگی کیلئے محکمہ پولیس کی بھی مدد حاصل کی جا رہی ہے اور بلدی عہدیداروں نے بتایا کہ اس مہم میں مزید شدت پیدا کرنے کے لئے موصولہ ہدایات کے مطابق عمل کرتے ہوئے قبضہ جات برخواست کئے جارہے ہیں اور ان قبضوں کی برخواستگی کے ساتھ ہی اس مقام پر فٹ پاتھ یا سڑک کی تعمیر کو بھی ممکن بنانے کی تاکید کی جا رہی ہے۔