فٹبال ورلڈ کپ 2023کی میزبانی میں 9 ممالک کی دلچسپی

زیورخ ۔21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) فٹ بال کی عالمی تنظیم (فیفا) نے کہا کہ نو ممالک نے 2023 ویمنز ورلڈ کپ کی میزبانی کی خواہش ظاہر کی ہے۔ فیفا کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ارجنٹینا، آسٹریلیا، بولیویا، کولمبیا، جاپان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ نے باضابطہ طور پر میگا ایونٹ کی میزبانی میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے جبکہ شمالی اور جنوبی کوریا نے مشترکہ طور پر میزبانی کیلئے کہا ہے۔ ورلڈگورننگ باڈی نے کہا کہ تمام فٹ بال اسوسی ایشنز رواں سال 16 اپریل تک میزبانی کیلئے رجسٹریشن کرواسکتی ہیں۔ رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد گورننگ باڈی تمام درخواستوں کی جانچ کے بعد حتمی میزبان ملک کا اعلان کریگی۔ رواں برس ویمنز ورلڈ کپ 7 جون تا 7 جولائی تک فرانس میں کھیلا جائیگا اوراس عالمی ایونٹ کا افتتاحی مقابلہ میزبان فرانس اور کوریا کے درمیان کھیلا جائے گا۔