فوجی یونیفارم میں بی جے پی ‘ آر ایس ایس ورکرس سرگرم:ممتا

کولکاتہ 12 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) اس الزام کا اعادہ کرتے ہوئے کہ بی جے پی حکومت مغربی بنگال میں رائے دہندوں پر اثر انداز ہونے کیلئے مرکزی فورسیس کا استعمال کر رہی ہے چیف منسٹر ممتابنرجی نے آج کہا کہ انہیں اندیشے ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کارکن کہیں مرکزی فورسیس کے یونیفارم پہنے ریاست میں داخل نہ ہوگئے ہوں تاکہ انتخابات پر اثر انداز ہوسکیں۔ ممتابنرجی نے ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ مرکزی فورسیس کا احترام کرتی ہیں لیکن انہیں ہدایت دی جا رہی ہے کہ وہ رائے دہندوں پر اثر انداز ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں مرکزی فورسیس کی تعیناتی کے نام پر بی جے پی اپنے اور آر ایس ایس کے کارکنوں کو یہاں داخل کر رہی ہے ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ ترنمول کانگریس کا ورکر گھاٹل حلقہ میں بی جے پی امیدوار کی سکیوریٹی کے عہدیدار کی فائرنگ میں زخمی بھی ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج مرکزی فورسیس کی جانب سے ایک پولنگ بوتھ کے اندر فائرنگ کی گئی ہے ۔
انہیں پتہ چلا ہے کہ کچھ اقلیتی نوجوان اس میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔