فنڈز حاصل کرنے نظام پر کیچڑ اچھالنا غلط

چیف منسٹر کے قول و فعل میں تضاد : صدر پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ
حیدرآباد /30 جون (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد سراج الدین نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے نظام پر کئے گئے ریمارکس پر حیرت ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت خفیہ ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عالمی بینک سے فنڈس حاصل کرنے حضور نظام پر کیچڑ اچھالنا حکومت کو زیب نہیں دیتا، جبکہ قبل ازیں کے سی آر حضور نظام کی تعریف کرکے انکے دور کو سنہرا قرار دے رہے تھے اور ساتھ ہی تلنگانہ میں نظام دور حکومت کو رائج کرنے کا اعلان کر رہے تھے، مگر ورلڈ بینک کو پیش کی گئی رپورٹ سے چیف منسٹر کا اصلی چہرہ منظر عام پر آگیا۔ انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے قول و فعل میں فرق ہے، وہ صرف مسلمانوں کو خوش کرنے حضور نظام کا نام لیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کا ایک سالہ دور حکومت مایوس کن رہا، بالخصوص اقلیتوں کے لئے نقصاندہ رہا۔ ماہ رمضان کی تیاریوں کیلئے پانچ کروڑ روپئے جاری کرنے کا اعلان کیا گیا، مگر اب تک فنڈس کی اجرائی عمل میں نہیں آئی۔ انھوں نے کہا کہ 12 فیصد مسلم تحفظات کے وعدہ پر عمل آوری نہیں ہوئی، جس کی وجہ سے گزشتہ سال اور جاریہ تعلیمی سال میں مسلم طلبہ کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا۔ علاوہ ازیں حکومت نے آئندہ ماہ سے سرکاری ملازمتوں کے تقررات کا اعلان کیا ہے، اس میں بھی مسلمانوں کو نقصان ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ پرانے شہر کو استنبول کے طرز پر ترقی دینے کا وعدہ کیا گیا، لیکن اب تک عملی اقدامات نہیں کئے گئے اور اب حیدرآباد کو سنگاپور اور نیویارک کے طرز پر ترقی دینے کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پانچ زیر دریافت مسلم قیدیوں کو پولیس نے بے رحمی کے ساتھ قتل کردیا، جب کہ کشن باغ میں تین مسلم نوجوانوں کو گولیوں سے چھلنی کردیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات نہیں کئے، صرف جھوٹے وعدوں کے ذریعہ مسلمانوں کو گمراہ کیا، جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں۔