فنچ کی متواتر دوسری سنچری،آسٹریلیا 8 وکٹوں سے کامیاب

شارجہ ۔25 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا نے کپتان ایرون فنچ کی شان داراور ناقابل شکست سنچری اوراوپنرز عثمان خواجہ کے 88 رنز کی بدولت پاکستان کی جانب سے دیے گئے 285 رنز کا ہدف باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور5 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔ شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کے دوسرے ونڈے میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کے امام الحق دوسرے میچ میں ناکام ہوئے اور صفر پر ہی رچرڈسن نے ان کی وکٹیں اڑادیں جس کے بعد شان مسعود 19 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو مجموعی اسکور 35 رنز تھا۔ حارث سہیل اور محد رضوان نے تیسری وکٹ میں 53 رنز کی شراکت کرتے ہوئے اسکورکو 87 تک پہنچایا۔ ایرون فنچ نے 34 رنز پر کھیلنے والے حارث سہیل کو کیری کے ہاتھوں کیچ کروایا جس کے بعد عمر اکمل بیٹنگ کے لیے آئے اور 20 اوورز میں ٹیم کی سنچری مکمل کروادی۔ عمر اکمل صرف 16 رنز کا اضافہ کرکے پویلین لوٹے تاہم کپتان شعیب ملک نے رضوان کے ساتھ مل کر طویل شراکت کی اور اسکورکو 239 رنز تک پہنچایا اس دوران انہوں نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔ شعیب ملک 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان نے کریئرکی پہلی سنچری مکمل کی اور 115 رنز بنانے کے بعد 254 کے مجموعے پر کولٹر نائل کو وکٹ دے دی، فہیم اشرف بھی 14 رنز بنا کر نائل کا شکار بنے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنا کر آسٹریلیا کو گزشتہ میچ کی طرح نسبتاً آسان ہدف دے دیا۔ آسٹریلیائی اوپنرز نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 209 رنزکی طویل شراکت قائم کی اور ٹیم کو مضبوط موقف پر لاکھڑا کیا۔ عثمان خواجہ 88 رنز بنا کر آوٹ ہونے والے پہلے آسٹریلیائی بیٹسمین بنے اس سے قبل دونوں اوپنرز نصف سنچری اور سنچری مکمل کی تھی۔گلین میکسویل 241 کے مجموعی اسکور پر 19 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔آسٹریلیا نے 285 رنزکا مطلوبہ نشانہ 48 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ فنچ نے ناقابل شکست 155 رنزفنچ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔