فنچ کی شاندار سنچری،آسٹریلیا پہلے ونڈے میں8 وکٹوں سے کامیاب

شارجہ ۔ 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ونڈے سیریز کا پہلا میچ آسٹریلیا نے8 وکٹوں سے جیت لیا۔ آسٹریلیا نے 281 رنز کا کامیاب تعاقب کپتان ارون فنچ کی شاندار سنچری کی بدولت 2 وکٹوں پر حاصل کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے حارث سہیل کی ونڈے میں پہلی سنچری رائیگاں گئی۔ پاکستان کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ50 اوورز میں 5 وکٹوں پر 280 رنز بنائے۔امام الحق اورشان مسعود نے35 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد حارث سہیل بیٹنگ کیلئے آئے اور شان مسعود کے ساتھ مل کر اسکورکو 78 رنز تک پہنچایا۔ شان مسعود 40 اور امام الحق17 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ عمر اکمل اور حارث سہیل نے پراعتما د بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور 38 ویں اوورمیں 176 رنز تک پہنچایا۔ عمر اکمل کی طویل عرصے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی وہ محض ایک رن کے فرق سے نصف سنچری مکمل نہ کرپائے اور 176 کے مجموعی اسکور پر 49 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔کپتان شعیب ملک بھی خاطرخواکارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف 11 رنز بنا کر گلین میکسویل کوکیچ دے کر پویلین چلے گئے جس کے بعد فہیم اشرف 28 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 47 اوورز میں 5 وکٹوں پر 247 رنز تھا لیکن عماد وسیم نے4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے صرف 13 گیندوں میں 28 رنز بنا کر پاکستان کو280 رنز کا اسکور فراہم کرنے میں اہم کردار اداکیا۔ حارث سہیل نے ونڈے کرکٹ میں پہلی سنچری مکمل کی 101 ناٹ آوٹ رنز بنائے اور ان کے ساتھ عماد وسیم 28 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔آسٹریلیا کے نیتھن کلٹر نائیل نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کئے۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کے اوپنرز عثمان خواجہ اور کپتان ارون فنچ نے پہلی وکٹ کیلئے 61 اسکور کئے، عثمان خواجہ کو 26 رنز پر فہیم اشرف نے آوٹ کیا۔ شان مارش نے فنچ کا شاندار انداز میں ساتھ دیا اور162 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ فنچ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کپتانی اننگز کھیلی اورسنچری اسکورکرتے ہوئے 116رنز بنائے اور مین آف دی میچ رہے، محمد عباس نے ونڈے کی پہلی وکٹ لیتے ہوئے انہیں محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آوٹ کروایا۔ اس موقع پر مارش نے91 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی ان کے ساتھ ہینڈزکومب نے 30رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔ دونوں نے 281رنز کا ہدف 49 اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔ 5ونڈے سیریز کا پہلا میچ 8 وکٹوں سے جیت کر اننگز میں 0-1کی برتری حاصل کرلی۔فہیم اشرف اور محمد عباس نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔ سیریز کا دوسرا مقابلہ اتوار کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو اس سیریز میں کپتان سرفراز احمد سمیت 6 کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں جنہیں آرام کا موقع دیا گیا ہے اور اس سیریز میں ٹیم کی قیادت شعیب ملک کر رہے ہیں۔ شان مسعود اور محمد عباس کو کرئیر کا موقع دیا گیا ہے جبکہ حارث سہیل، یاسر شاہ اور عمر اکمل کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔