فلپائن میں 40 مسلم باغی ہلاک

منیلا ، 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) فلپائنی دستوں نے کم از کم 40 مسلم جنگجوؤں کو ہلاک کردیا اور بم سازی کے مرکز والے باغی گڑھ کو قبضے میں لے لیا جو نئی امن معاملت کے مخالف شورش پسندوں کے خلاف دو روزہ جارحانہ مہم کے نتائج ہیں، ملٹری عہدیداروں نے آج یہ بات کہی۔ صدر بیننگو اکینو III نے کہا کہ ملٹری نے دیہاتوں کی حفاظت کیلئے یہ کارروائی شروع کی جبکہ باغی گروپ کے مسلم جنگجوؤں نے جنوبی صوبہ ماقندناؤ میں حملے کئے۔ اکینو نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ فوجی دستوں کا مقصد باغیوں کی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچانا ہے تاکہ انھیں مکرر حملے سے باز رکھا جاسکے۔

شام میں باغیوں کو زائد از 7 ہزار غیر ملکی جنگجو ؤں کا ساتھ
واشنگٹن ، 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی خفیہ ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ شام میں 7 ہزار سے زائد غیر ملکی جنگجو باغیوں کے ساتھ مل کر جنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔ اعلیٰ امریکی انٹلیجنس عہدہ دار جیمز کلیپر نے سینیٹ کے ارکان کو بتایا کہ ان کے اندازے کے مطابق ان سات ہزار جنگجوؤں کا تعلق پچاس مختلف ممالک سے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان میں سے بہت سوں کو تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنے ملکوں میں واپس جا کر حملے کر سکیں۔ ڈائریکٹر یو ایس انٹلیجنس کے بقول شامی باغیوں کا ساتھ دینے والوں میں بہت سے یورپی شہری بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امریکی حکام نے شام میں متعدد تربیتی مراکز کی بھی نشاندہی کی ہے۔