فلم ’ڈان‘ کے نام کے پیچھے پوشیدہ دلچسپ کہانی کا اظہار

ہالی ووڈ فلم ’’گاڈ فادر‘‘ کے بعد لفظ ’’ڈان‘‘ کو مقبولیت حاصل : امیتابھ بچن
ممبئی ۔13 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) میگا اسٹار امیتابھ بچن نے 1978 ء کی مشہور فلم ’’ڈان‘‘ کے نام کے پیچھے پائی جانے والی کہانی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ فلمی صنعت کی بہت سی بڑی بڑی ہستیاں فلم کے اس نام سے خوش نہیں تھیں ۔گزشتہ اتوار کو 76 سالہ اداکار امیتابھ نے ’’ڈان‘‘ فلم کی ریلیز کے 41 ویں سالگرہ جشن کے موقع پر کہاکہ مارکٹ میں کوئی بھی ’’ڈان‘‘ نام کو پسند نہیں کررہا تھا ۔ انھوں نے اس نام کا مطلب ہی نہیں سمجھا تھا اور انھوں نے کبھی یہ محسوس نہیں کیا کہ ہندی فلموں کیلئے ’’ڈان‘‘ جیسا نام موزوں ہوسکتا ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ اصل میں بہت سے لوگو ں کے لئے یہ نام بہت ہی دلچسپ تھا ۔ بچن نے اپنے بلاگ میں لکھا : ’’ہالی ووڈ کی مشہور فلم ’’گاڈ فادر‘‘ کی نمائش کے بعد ’’ڈان ‘‘ نام کافی قابل احترام بن گیا ۔ ’’ڈان ‘‘ کی کہانی مشہور فلمی جوڑی سلیم جاوید نے لکھی تھی اور اس کی ہدایت چندرا بروٹ نے دی تھی ۔ اس میں زینت امان ، افتخار ، ہیلن اور پران نے بھی کام کیا تھا۔