فلمی صنعت میں حاسدین کی کمی نہیں : رتیک

ممبئی ۔ 8 ۔ جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) بالی ووڈ اسٹار رتیک روشن نے آج ان رپورٹس کو مسترد کردیا جہاں ان پر اور ان کے پروڈیوسر ڈائرکٹر والد راکیش روشن پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ کریش 3 کے کلکشنز کو بڑھا چڑھا کر پیش کررہے ہیں۔ 39 سالہ رتیک روشن جو حالیہ دنوں میں اپنی بیوی سوزین سے علحدگی کی وجہ سے خبروں میں تھے ، نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سوپر ہیرو فلم نے ہندوستان میں 244 کروڑ روپئے اور بیرون ممالک میں 55 کروڑ روپئے کی کمائی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فلمی صنعت کے علاوہ میڈیا میں بھی ایک سیکشن ایسا ہے جو ان کے والد اور کریش 3 کو نیچا دکھانے کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھنا چاہتا ۔ میں نے اب تک اس معاملہ میں خاموشی اختیار کر رکھی تھی لیکن اب پانی سر سے اونچا ہوگیا ہے اور اس کا سلسلہ رکنا چاہئے ۔ ہمارے پروڈکشن ہاوس سے جب بھی کوئی فلم ریلیز ہوتی ہے ، فلمی صنعت کے کچھ گنے چنے لوگ اور میڈیا کا ایک مخصوص سیکشن فوری حرکت میں آجاتا ہے ۔ انہوں نے ایک بار پھر دہرایا کہ کریش 3 نے ہندوستان میں 244 کروڑ روپئے اور بیرون ممالک میں 55 کروڑ روپئے کا بزنس کیا ہے ۔ اپنے فیس بک پر تحریر کرتے ہوئے رتیک روشن نے کہا کہ ان کی سمجھ میں نہیں آتا کہ آخر وہ لوگ کون ہیں جو ان کی کامیابی پر حسد کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام ہمارے نام نہاد دستوں کا ہی ہوسکتا ہے جو منہ پر ہماری تعریفیں کرتے ہیں اور دراصل پیٹھ میں خنجر گھونپتے ہیں ۔ انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ وہ صرف ’’ کرما ‘‘ میں یقین رکھتے ہیں جیسا کہ ان کے والد کرتے ہیں ۔ یاد رہے کہ کریش 3 گزشتہ سال یکم نومبر کو ریلیز ہوئی تھی ۔

سنجے دت کی اہلیہ مانیتا شریک دواخانہ
ممبئی 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) فلم اداکار سنجے دت کی اہلیہ مانیتا کو آج گلوبل ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔ اِس سے پہلے اُن کے جگر میں ٹیومر کی تشخیص کی گئی تھی اور اُن کے عارضہ قلب میں بھی مبتلا ہونے کا شبہ ہے۔ قبل ازیں ڈاکٹر اجئے چھوگلے سینئر ہار ٹ اینڈ کارڈیو سرجن نے بتایا کہ مانیتا کے بعض طبی معائنے کئے جانے ہیں جس کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ اُنھیں سرجری کی ضرورت ہے یا نہیں۔ سنجے دت جو 1993 ء بمبئی بم دھماکے مقدمہ میں جیل کی سزا کاٹ رہے ہیں، اِس وقت پیرول پر ہیں۔