فلسطین میں صنعتی شعبہ کی ترقی کے لیے مواقع کی تلاش

خواتین ہر صورت حال سے نمٹنے تیار ، پانچ رکنی وفد کی چوٹی کانفرنس میں شرکت
حیدرآباد۔/29نومبر، ( ایس ایم بلال) فلسطین کی خاتون صنعت کاروں کے پانچ رکنی ایک وفد نے عالمی سطح کی چوٹی کانفرنس میں شرکت کی اور اپنے صنعتی شعبہ کی ترقی کیلئے مواقع تلاش کئے۔ اس چوٹی کانفرنس میں شرکت کرنے والی ایک خاتون صنعت کار شیرین علان نے کہا کہ فلسطین میں تہذیبی ورثہ ہونے کے باوجود یہاں پر غیر یقینی صورتحال رہتی ہے اور کوئی کاروبار یہاں پر اُبھر نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کی خاتون صنعت کاروں کو نہ حکومت سے کوئی مدد و تعاون حاصل ہوتا ہے اور نہ کوئی ایسا ادارہ مدد کیلئے آگے بڑھتا ہے جس کے ذریعہ وہ اپنے صنعتی شعبہ میں ترقی کرسکیں۔ شیرین نے کہا کہ ہر دن فلسطین میں غیر یقینی صورتحال ہوتی ہے اور اس کا شکار خواتین اور معصوم بچے ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کی خواتین ہر صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہتی ہیں اور صنعتی شعبہ میں سرمایہ کاری ان کیلئے جوکھم کا کام ہے۔ فلسطین اسلامی تاریخ کا مرکز ہونے کے باوجود بھی اسلام دشمن طاقتیں اپنی تمام کوششوں سے فلسطینی باشندوں کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کررہی ہیں۔