فلسطینی سائنس داں کو ناسا کا ایوارڈ

واشنگٹن 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے بین الاقوامی شہرت یافتہ خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا نے نہایت محدود وقت میں خلائی تجربات کا خاکہ ڈیزائن کرنے پر فلسطینی سائنسدان لطفی مزید عیاد کو ایوارڈ سے نوازا ہے ۔ فلسطینی سائنس دان مزید عیاد نے حال ہی میں ناسا کے زیراہتمام تجربہ گاہوں میں خلائی تحقیقات کے سلسلے میں ہونے والے تحقیقاتی کام کا ایک خاکہ ڈیزائن کیا جسے ناسا نے پسند کرکے لطفی عیاد کو EPAM نامی ایوارڈ دیا ہے۔ قدس پریس کے مطابق رملہ تعلق رکھنے والے سائنسدان نے ساڑھے سات ماہ میں “ناسا” کی خلائی تحقیقات کا ایک خاکہ ڈیزائن کیا جسے ناسا کے حوالے کیا گیا۔

 

امریکہ میں تربیت حاصل کرنے والے باغیوں کا اغواء
بیروت 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شام میں القاعدہ سے ملحقہ النصرہ فرنٹ نے اُن آٹھ باغیوں کا اغواء کرلیا جنھوں نے دولت اسلامیہ جنگجوؤں سے لڑنے کے لئے ایک امریکی تربیتی پروگرام میں شرکت کی تھی۔ دریں اثناء سیرین آبزرویٹری برائے ہیومن رائٹس نے بتایا کہ کل شام النصرہ فرنٹ کے جنگجوؤں نے ڈیویژن 30 کے کمانڈر کرنل ندیم حسن کو دیگر سات افراد کے ساتھ جن میں ایک دیگر کمانڈر فرحان الجسیم بھی شامل ہے کو اغواء کرلیا۔ آبزرویٹری کے مطابق مغویہ گروپ شمالی حلب میں منعقدہ ایک اجلاس میں شرکت کے بعد واپس ہورہا تھا۔