فلسطینی خاتون نے اسرائیلی خاتون پولیس کو چاقو گھونپ دیا

یروشلم ۔ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک فلسطینی خاتون نے ایک اسرائیلی خاتون پولیس اہلکار کو ایک چیک پوسٹ کے قریب چاقو گھونپ کر زخمی کردیا۔ یہ چیک پوسٹ یروشلم اور مغربی کنارہ کے بیت الحم کے درمیان واقع ہے۔ پولیس نے بتایا کہ حالیہ دنوںمیں حملہ کا یہ تازہ ترین واقعہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق فلسطینی خاتون چیک پوائنٹ پہنچی جہاں خواتین اور مردوں کیلئے علحدہ علحدہ قطاریں تھیں۔ فلسطینی خاتون نے اچانک طیش میں آ کر اپنا چاقو نکالا اور اسرائیلی خاتون پولیس اہلکار کی گردن میں گھونپ دیا۔ حملہ آور فلسطینی خاتون کو فوری گرفتار کرلیا گیا۔ دریں اثناء اسرائیل کی ایمرجنسی میڈیکل سرویس سے وابستہ میگن ڈیوڈ آڈم نے بتایا کہ خاتون اسرائیلی پولیس اہلکار ہاسپٹل میں زیرعلاج ہے۔ رمضان المبارک کے دوران فلسطینی شہریوں کی جانب سے تشدد کے واقعات میں کمی ہوئی ہے تاہم اکا دکا واقعات رونما ہو ہی جاتے ہیں۔