فرقہ پرست طاقتوں پر طلبہ تنظیموں کا عرصہ حیات تنگ کرنے کا الزام

چیف منسٹر تلنگانہ تمام محاذوں پر ناکام ، قومی صدر اے آئی ایس ایف کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔30جولائی(سیاست نیوز) بائیں بازو جماعتوں سے وابستہ طلباء تنظیمو ں کے ساتھ نفرت کا کھیل کھیلنے کافرقہ پرست طاقتوں پر الزا م عائد کرتے ہوئے قومی صدر اے آئی ایس ایف سید ولی اللہ قادری نے کہاکہ نریندر مودی حکومت کی نگرانی میں فرقہ پرست طاقتیںجمہوریت کی بقاء کی جدوجہد میں مصروف بائیں بازو جماعتوں سے وابستہ طلباء تنظیموں کا عرصہ حیات تنگ کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ آج یہاں حیدرآباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ پرست تنظیمیں بائیں بازو جماعتوں کی مخالف فرقہ پرست تحریک سے خوفزدہ ہیں ۔ جناب سید ولی اللہ قادری نے مرکزی حکومت کی جانب سے تعلیمی نصاب کوزعفرانی رنگ دینے کی کوششوں کی سختی کے ساتھ مذمت کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت فرقہ پرست ہاتھوں کی کٹ پتلی کاکام کرتے ہوئے جمہوری ہندوستان کو ہندوراشٹرمیںتبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے جس کی اے آئی ایس ایف کے بشمول لیفٹ پارٹیز کی تمام طلباء تنظیمیں شدت کے ساتھ مخالفت کررہے ہیں ۔ انہوں نے تلنگانہ میںدلت اور مسلم طبقے کے مسلمانو ںکے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر بھی ریاستی حکومت کو سخت انتباہ دیا۔ انہوں نے مسلم اقلیت کے ساتھ انصاف کا حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اقتدار حاصل کرنے کے لئے بلندبانگ اعلانات کا سہارا لینے والے چیف منسٹر کے سی آر مسلمانوں کے ساتھ انصاف میں تمام محاذوں پر ناکام دیکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ آلیرمیںپانچ بے قصور مسلم نوجوانوںکو گولیوں کانشانہ بناکر انکاونٹر کانام دیاگیا جبکہ واقعہ کے بعد سے مہلوکین کاورثہ انصاف کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھارہا ہے۔ انہوں نے بارہ فیصد تحفظات میںکی فراہمی کے متعلق بھی مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی کا حکومت پر الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہاکہ اے آئی ایس ایف کی تروپتی میں ہونے والی نیشنل کانفرنس میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے اصلی چہرہ کو عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ سار ے ملک کی طلبہ تنظیموں کی نظر اے آئی ایس ایف کی مجوزہ قومی کانفرنس پر لگی ہوئی ہیں جو قومی سطح پر ایک نئے سیاسی انقلاب کا نقیب بنے گی۔ قومی جنرل سکریٹری اے آئی ایس ایف مسٹر وشواجیت کمار بھی اس موقع پر موجودتھے۔
مانو کے یو جی ، پی جی ڈپلومہ اور سرٹیفیکٹ کورس میں داخلہ ، تاریخ میں توسیع
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ) : مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ اور سرٹیفیکٹ کورس کے داخلہ میں 31 اگست تک توسیع دی ہے ۔ مزید تفصیلات کے لیے یونیورسٹی کا ویب سائٹ manuu.ac.in ملاحظہ کریں ۔۔