فرقہ پرستی کے واقعات پر مودی کی خاموشی تشویشناک

نئی دہلی ۔ یکم ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے این ڈی اے مخلوط حکومت کے 100 دن میں فرقہ وارانہ واقعات میں بے تحاشہ اضافہ کا الزام عائد کیا اور اس معاملے میں وزیراعظم نریندر مودی کی خاموشی پر بھی سوالات اُٹھائے ۔ سینئر کانگریس لیڈر منیش تیواری نے آج کہا کہ حکومت کے پہلے 100 دن میں جس طرح فرقہ وارانہ واقعات میں اضافہ دیکھا گیا وہ سب کیلئے باعث تشویش ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی زیرقیادت حکومت کے اقتدار سنبھالتے ہی دفعہ 370 اور یکساں سیول کوڈ کے بارے میں بیانات شروع ہوگئے جن کا مقصد فرقہ وارانہ امن کو متاثر کرنا ہے ۔ یہی نہیں ’لو جہاد‘ تنازعہ بھی اسی کی ایک کڑی ہے ۔ منیش تیواری نے کہا کہ وہ اب تک یہ سمجھ نہیں پائے کہ ’’لو ‘‘ اور ’’جہاد‘‘ کو ایک ہی معنی میں آخر کس طرح استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ لیکن فرقہ وارانہ تقسیم پیدا کرنے کیلئے حکومت ایسا بھی کررہی ہے ۔ تیواری نے کہاکہ یہ تمام کوششیں منصوبہ بند طورپر ہورہی ہیں اور اس کا مقصد ملک کی بنیادی شناخت کو تبدیل کرنا ہے ۔ ’’وعدہ نہ توڑ ابھیان ‘‘ کے تحت حکومت کے 100 دن پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے یہ بات کہی ۔