فرقہ پرستی کے خاتمہ تک چین کی سانس نہ لینے کا عزم

چندرائن گٹہ مہاکوٹمی کانگریس امیدوار عیٰسی مصری کا انتخاب کے بعد عوام کیلئے کام کرنے کا اعلان
حیدرآباد ۔ /30 نومبر (سیاست نیوز) فرقہ پرستی کے خاتمہ اور فرقہ پرستوں سے مقابلہ کیلئے ہی میں نے میدان سیاست میں قدم رکھا اور جڑ سے فرقہ پرستی کو اکھاڑ پھینکنے تک چین کی سانس نہیں لونگا ۔ ان خیالات کا اظہار حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ سے مہاکوٹمی کے کانگر یسی امیدور جناب عیسیٰ بن عبید مصری نے کہا جو آج یہاں اپنے حلقہ کے مختلف مقامات پر دورے کررہے تھے ۔ انہوں نے عوامی مسائل کے انبار اور عوام کی حالت زار پر افسوس ظاہر کیا اور کہا کہ وہ انسانیت کے خادم ہیں اور انسانیت کا بہترین درس مذہب اسلام دیتا ہے ۔ انہوں نے انتخابی مہم میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کو باور کیا کہ وہ انسانوں کی خدمت کیلئے آئے ہیں اور کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک و سماج کے حالات کو فرقہ پرستی کے رنگ میں ڈبودیا گیا ۔ اگر بروقت ان کے خلاف سیکولر سماج ایک نہیں ہوتا تو ان کے سنگین نتائج ملک کی سالمیت اور قومی یکجہتی پر اثرانداز ہوں گے ۔ انہوں نے حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کے معین باغ ، کمہار واڑی ، ایس آر ٹی کالونی ، کمہارواڑی کالونی ، رکھشا پورم و دیگر مقامات میں انتخابی مہم جاری رکھی اور عوام کے ردعمل کو دیکھتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ان غریب پریشان حال عوام کی خدمت کیلئے اپنے آپ کو صرف کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تاثرات بتارہے تھے کہ آج تک ان علاقوں میں مقامی قائد نہیں آیا ، وہ تو سڑک سے ہاتھ لہراتے ہوئے چلاجاتا ہے ۔ اس طرح کا بے رخانہ رویہ رکھنے والے قائد کو یہاں کی عوام برسوں سے اپنی تائید کرتے آرہے ہیں لیکن ان عوام کے مسائل کی یکسوئی کیلئے اقدامات نہیں ہوئے ۔ جناب عیٰسی بن عبید مصری نے کہا کہ وہ مہاکوٹمی حکومت کی تشکیل اور اپنی کامیابی کے فوری بعد علاقہ کی عوام کی خوشحالی کے اقدامات کو اولین ترجیح دیں گے اور ہر ڈیویژن میں کیمپ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کو خود اپنی راست نگرانی میں رات دن انجام دیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ عوام تبدیلی کے خواہشمند ہیں ۔ اس موقع پر مہاکوٹمی کے سینکڑوں کارکنان موجود تھے۔