فرضی جاب کنسلٹنسی ریاکٹ بے نقاب،چار افراد گرفتار ، رچہ کنڈہ اسپیشل آپریشن ٹیم کی کارروائی

حیدرآباد ۔ /20 فبروری (سیاست نیوز) رچہ کونڈہ کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے فرضی جاب کنسلٹنسی ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے چار افر اد کو گرفتار کرلیا ۔ کمشنر پولیس رچہ کونڈہ مہیش مرلی دھر بھاگوت نے کہا کہ کالوچرن پانڈہ اپنے ساتھیوں مرلی کرشنا ، ایم ویرا راگھوا ریڈی ، کے سندھیا رانی اور سی ایچ سریکانت کی مدد سے فرضی جاب کنسلٹنسی ریاکٹ چلارہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹولی کا سرغنہ کالو چرن پانڈا ہے جس نے شہر حیدرآباد میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا ، ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ اور محکمہ انکم ٹیکس میں ملازمتیں فراہم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے بیروزگار نوجوانوں سے رقومات حاصل کررہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ سی ایچ سریکانت نے اپنا نام سودھم ورما کی حیثیت سے تبدیل کرلیا اور کولکتہ میں کرایہ پر فلیٹ حاصل کرتے ہوئے وہاں مقیم تھا ۔ سریکانت نے اپنے ایک ساتھی راجیو کارتک کی مدد سے بعض امیدواروں سے کامیاب طور پر رابطہ قائم کیا اور انہیں اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی ٹریننگ کے بہانے 53 لاکھ روپئے حاصل کئے اور بعدازاں فرضی تقرر نامے بھی تیار کئے ۔ مہیش بھاگوت نے کہا کہ مذکورہ دھوکے باز ٹولی بیروزگار نوجوانوں کو ایس بی آئی میں ملازمت فراہم کرنے کے بہانے ان کیلئے تربیتی کلاسیس بھی چلایا کرتے تھے اور ان کا بھروسہ حاصل کرنے کے بعد نقد رقومات حاصل کیا کرتے تھے ۔ سندھیا رانی جو اس کیس کی ملزم ہے اور اس کا تعلق ضلع گنٹور سے ہے اور وہ بھی جاب کنسلٹنسی وشاکھاپٹنم علاقہ سے چلایا کرتی تھی ۔ اس نے 35 طلباء سے 1.6 کروڑ حاصل کئے اور 80 لاکھ روپئے سی ایچ سریکانت کے حوالے کئے ۔ انہوں نے کہا کہ کالوچرن پانڈا نے بھی مختلف امیدواروں سے 1.5 کروڑ حاصل کئے اور اس کی مدد سے اس نے بھاری فلیٹس ، کاریں ، طلائی زیورات خریدتے ہوئے بنکاک اور دیگر سیاحتی مقامات کا بھی دورہ کیا ۔ پولیس نے ان کے قبضے سے فرضی تقرر نامے 10.5 لاکھ نقد رقم ، قیمتی کار ، لیپ ٹاپ اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے انہیں عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا ۔