فرسودہ فکر ترک کرنے کی ضرورت

اسلام آباد 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان کو اپنے قدیم انداز فکر ترک کرنا ہوگا اور اِن مسائل کی یکسوئی، پائیدار علاقائی امن کیلئے نئے اقدامات کرنے ہوں گے۔ وزیر خارجہ سلمان خورشید نے ہندوستان کا دورہ کرنے والے پاکستانی ذرائع ابلاغ کے وفد سے ملاقات کے دوران کہاکہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف ہندوستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے سلسلہ میں مخلص نظر آتے ہیں۔ چیف منسٹر پاکستانی پنجاب شہباز شریف کا دورۂ ہند باہمی تعلقات کو ایک نیا موڑ دے چکا ہے۔

سلمان خورشید نے کہاکہ دونوں ممالک کو آبی اور دیگر مسائل بشمول کشمیر کی یکسوئی کے لئے نئے ذرائع تلاش کرنے ہوں گے۔ خبررساں ٹی وی چیانل جیو نیوز نے خبر دی ہے کہ وزیر خارجہ ہند سلمان خورشید نے باہمی تجارتی تعلقات میں مزید اضافہ کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ہندوستان اور پاکستان دونوں ممالک کے عوام کی ضوریات کی تکمیل ہوسکے۔ ایران ۔ پاکستان گیس پائپ لائن پراجکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے خبر میں سلمان خورشید کا تذکرہ کیا گیا ہے کہ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان ایران سے گیس حاصل کرنے کے لئے تیار ہے۔ اِس کے علاوہ وسط ایشیاء سے براہ پاکستان گیس کے حصول میں بھی گہری دلچسپی رکھتا ہے۔