فرانس کا جلد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان

پیرس۔ 30 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) فرانس کی حکومت نے کہا ہے کہ اگر فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان امن بات چیت کی بحالی کی مساعی مزید چند ہفتے تعطل کا شکار رہتی ہیں تو پیرس یکطرفہ طور پر خود مختار فلسطینی مملکت کو تسلیم کرلے گا۔فرانسیسی وزیرخارجہ لوران فابیوس نے فلسطین اور اسرائیل پر بات چیت کی فوری بحالی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امن بات چیت کا تعطل خطے میں طویل المیعاد امن کے قیام کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔خیال رہے کہ پچھلے سال امریکہ کی ثالثی سے فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کیلئے کافی تگ ودو کی گئی تھی مگر صہیونی ریاست کے غیر لچک دار رویے کے باعث فریقین میں براہ راست مذاکرات بحال نہیں ہوسکے۔امریکہ نے اسرائیل پر زور دیا تھا کہ وہ فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ مذاکرات بحال کرنے کے ساتھ ساتھ آزاد فلسطینی مملکت کے قیام کیلئے کوئی ٹائم فریم مقرر کرے۔پیرس میں غیر ملکی سفارت کاروں سے سالانہ ملاقات کے دوران فرانسیسی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم تکرار کے ساتھ فریقین کو خبردار کرتے رہے ہیں کہ امن بات چیت کا تعطل فلسطین اور اسرائیل میں سے کسی کے مفاد میں نہیں بلکہ دونوں ریاستوں کیلئے نقصان دہ ہے۔ امن مذاکرات نہ ہونے سے شدت پسند تنظیم دولت اسلامی’’داعش‘‘ ہی کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔