فاطمی آرجے ڈی کی ابتدائی رکنیت سے بھی مستعفی

دربھنگہ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا انتخاب کیلئے ٹکٹ نہیں ملنے سے ناراض سابق مرکزی وزیر اور راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) کے سنیئر لیڈر علی اشرف فاطمی نے پارٹی کے سبھی عہدوں کو چھوڑنے کے بعدآج ابتدائی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا۔ فاطمی نے یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ سال2019 کے لوک سبھا انتخاب میں پہلے دربھنگہ اور پھر مدھوبنی سے انتخاب لڑانے کی یقین دہانی کے باجوود مجھے ٹکٹ سے محروم کر دیا گیا۔ میں منگل کو پارٹی کے سبھی عہدوں سے استعفیٰ دینے کے بعد اس انتظار میں تھا کہ آر جے ڈی کیلئے میری طویل عرسے چل رہی خدمت کو دھیان میںرکھ کر میرے حق میں کوئی فیصلہ آئے گا ۔ لیکن ایساہونے کی امید ختم ہونے کے بعد میں نے بالآخر آرجے ڈی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ وہ باغی امیدوار کے طور پر مدھوبنی سے آزاد انتخاب لڑیںگے ۔ سابق مرکزی وزیرنے کہاکہ انہیں امید تھی کہ پارٹی انہیں دربھنگہ سے امیدوار بنائے گی لیکن جب ایسا نہیں ہوا تب پارٹی نے انہیں اعتماد میں لیکر کہا تھا کہ دربھنگہ کے بجائے انہیں مدھوبنی سے ٹکٹ دی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ وہ اپنے حامیوں کے ساتھ مدھوبنی میں تشہیر ی مہم میں مصروف تھے لیکن بعد میں سیٹوں کے تال کے تحت مدھوبنی لوک سبھا سیٹ مکیش سہنی کی ویکاس شیل انسان پارٹی ( وی آئی پی ) کے کھاتے میں چلی گئی ۔ وی آئی پی نے یہاں سے سابق آرجے ڈی امیدوار بدری ناتھ پوربے کو امیدوار بنایا ہے ۔