فاضل اشیاء سے گھر کی سجاوٹ

دنیا بھر میں مختلف رنگوں کے پھول ‘ جہاں اپنے حسن و مہک سے دلوں کو سجاتے ہیں وہیں قدرت کی رعنائیاں بھی بکھیرے ہوئے ہیں ۔
ٹھیک اسی طرح کوئی خاتون خانہ اگر سلیقہ مند ہو تو وہ بھی اپنے گھر پھولوں کی کیاری کی طرح سجاسکتی ہے ۔ زمانہ قدیم میں گھریلو خواتین دستکاری پر عبور رکھتی تھیں ‘ چادروں ‘ تکیہ کے غلاف اور پردوں پر کشیدہ کاری سے اپنے فن کا جادو جگاتی تھیں تو کچھ کروشیہ سے ٹوپی اور دیگر کام انجام دیا کرتی تھیں مگر اب دوڑ دھوپ کی اس زندگی میں آج کی خواتین دستکاری کو چھوڑ کر مرد کے ساتھ قدم بڑھاتے ہوئے ترقی کی منازل طئے کررہی ہیں ۔ خانہ دار خواتین توجہ اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے گھر کو قابل دید مقام بناسکتی ہیں ۔ اس تصور کیلئے ضروری نہیں ہے کہ گھرمیں باغ ہو یا پھولوں کی کیاری ہو بلکہ گھر کی فاضل اور بیکار اشیاء کو قابل استعمال بناتے ہوئے انہیں دیدہ زیب اور منفرد شوپیس بناسکتی ہیں ۔ صاف تھرا ‘سلیقے سے سجا ہوا گھر مکینوں کے اعلیٰ ذوق کو ظاہر کرتا ہے ۔