غیر کانگریسی اور غیر بی جے پی جماعتوں کامتحدہ مقابلہ

مظفر نگر۔/21فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی آئی ایم جنرل سکریٹری پرکاش کرت نے آج کہا کہ غیر کانگریس اور غیر بی جے پی سیاسی جماعتیں آنے والے لوک سبھا انتخابات میں متحدہ طور پر مقابلہ کریں گی تاکہ فرقہ پرست قوتوں کو مرکز میں برسر اقتدار آنے سے روکا جاسکے۔ پرکاش کرت جولا گاؤں میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 11سیاسی جماعتوں بشمول سماج وادی پارٹی کا 25فبروری کو دہلی میں اجلاس مقرر ہے۔ جہاں وہ تیسرے محاذ کی تشکیل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کریں گے۔یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ کارپوریٹ گھرانے بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کی کامیابی کیلئے ماحول بنارہے ہیں ، کہا کہ کانگریس کے خلاف بی جے پی مناسب متبادل نہیں ہے۔اس موقع پر کرت نے فسادات کے متاثرین سے بھی ملاقات کی اور ان کی باز آبادکاری کیلئے ایکتا کالونی کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔

مودی کو وزیراعظم بننے سے روکنے مایاوتی کا عہد
نئی دہلی ۔21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس پی کی صدر مایاوتی نے آج عہد کیا کہ ان کی پارٹی چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کو ملک کا آئندہ وزیراعظم بننے سے روکنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ انہوں نے تیسرے محاذ کو کمزور محاذ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور کہا کہ اس سے ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔