غیر معیاری پاکستانی ملبوسات کی برآمد پر امتناع

اسلام آباد 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) والٹ ڈزنی نے یکم اپریل سے پاکستان کو اپنی ’’پرمیٹیڈ سورسنگ ممالک‘‘ کی فہرست سے خارج کردیا ہے۔ پاکستان چونکہ معیار کو قائم نہ رکھ سکا اور والٹ ڈزنی کو مطمئن کرنے میں ناکام رہا لہذا پاکستان سے اب کسی بھی نوعیت کی درآمد پر امتناع عائد کردیا گیا۔ انگریزی اخبار ڈان کے مطابق آرزو ٹیکسٹائل ملز کے صدرنشین اظہر مجید شیخ نے بتایا کہ والٹ ڈزنی نے جو موقف اختیار کیا ہے اُس کے بعد مزید کچھ کہنے کی گنجائش نہیں ہے۔ والٹ ڈزنی کے مطابق اگر کسی نے بھی امتناع کی خلاف ورزی کی کوشش کی تو اُس پر نہ صرف بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا بلکہ اُسے سیاہ فہرست میں شامل کرلیا جائے گا۔ اس طرح سے اب پاکستان کو ملبوسات کے 200 ملین ڈالرس پر مشتمل برآمد کئے جانے والے کنٹراکٹ سے محروم ہونا پڑا۔