غیر مجا ز تعمیرات کے متاثرین بے گھر نہیں ہونگے

جے این این یو آر ایم اور وامبے اسکیم کے تحت خالی مکانات حوالے کرنے حکام کا فیصلہ
حیدرآباد۔27ستمبر(سیاست نیوز) شہر میں انہدامی کاروائی سے متاثر ہونے والے غریب عوام جو سطح غربت کے نیچے زندگی گذار رہے ہیں وہ بے گھر نہیں ہوں گے۔ جی ایچ ایم سی نے جے این این یو آر ایم اور وامبے امکنہ اسکیمات کے تحت تعمیر کردہ مخلوعہ مکانات میں غریب متاثرین کو منتقل کرنے اور انہیں وہ مکانات الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ انہیں بے گھر ہونے سے بچایا جا سکے۔دونوں شہروں کے علاوہ بلدی حدود میں جاری نالوں پر قبضہ ٔ جات کی برخواستگی کے عمل کے دوران بے گھر ہونے والوں کو مکانات کی تخصیص کے منصوبہ کا خیر مقدم کیا جا رہا ہے اور نالوں میں رہنے والے اچانک گھر کے منہدم کئے جانے کی اطلاع سے مغموم تھے انہیں جب یہ کہا گیا کہ انہیں جے این این یو آر ایم اور وامبے کے تحت تعمیر کردہ پکے مکانات کی تخصیص عمل میں آرہی ہے اور انہیں وہیں منتقل کیا جائیگا تو وہ راضی ہو گئے۔ لیکن بعض علاقوں میںجہاں نالوں پر بغرض برقراری قبضہ بااثر افراد نے لوگوں کو بٹھا رکھا ہے وہ لوگ انکے احکام کے منتظر نظر آرہے ہیں۔ بلدیہ کی جانب سے بلدی حدود میں 3639مکانات کی نشاندہی کی گئی ہے جو کسی کو مختص نہیں کئے گئے ہیں اور مکمل مخلوعہ ہیں۔ تفصیلات کے بموجب جن علاقوں و پراجکٹس میں یہ مکانات ہیں ان میں کرمن گھاٹ میں 178‘گجلہ رامارم قطب اللہ پور میں 272‘ کیشو نگر 256‘امین پور رامیشور بنڈہ2640‘اپو گوڑہ کندیکل گیٹ اور بندلہ گوڑہ میں 100‘بہادر پلی قطب اللہ پور65‘ بندلہ گوڑہ سروے نمبر 83میں 12‘شمس آباد مرحلہ 5میں93‘بندلہ گوڑہ سروے نمبر 128کے علاوہ کندیکل گیٹ میں 23مکانات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں انہدامی کاروائی کے متاثرین کی بازآبادکاری کی جائے گی۔ عہدیداروں کے بموجب شہر میں جاری انہدامی کاروائی کے دوران بے گھر ہونے والے غریب خاندانوں کی فی الفور بازآبادکاری پر توجہ دی جا رہی ہے جس کی وجہ سے کوئی بھی اس مہم کی مخالفت میں شدت نہیں دکھا رہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ انہدامی کاروائی کے متاثرین کو بازآباد کرنے کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر مکانات کی تخصیص عمل میں لائی جا رہی ہے کیونکہ اس انہدامی میں کاروائی میں غریب طبقہ کے بہت کم لوگ متاثر ہو رہے ہیں جبکہ متمول افراد جو نالو پر کی گئی تعمیرات کو خرید نے کے مرتکب ہیں اسی لئے بلدیہ کی جانب سے فوری غریب عوام کو مکانات حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ بے گھر ہوتے ہوئے سڑک پر نہ آجائیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجود ان پراجکٹس میں مکانات کی حوالگی کے بعد نالوں پو قابضین بخوشی منتقل ہونے تیار ہو سکتے ہیں۔