غیر قانونی طریقہ سے ریت منتقل کرنے پر 5ٹریکٹرس ضبط

ویملواڑہ۔/27ڈسمبر،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رات کے وقت چوری سے ٹریکٹروں کے ذریعہ ریت لے جانے والوں کو ویملواڑہ پولیس نے پکڑ کر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ تفصیلات کے بموجب ویملواڑہ منڈل کے علاقوں میں ٹریکٹرس کے ذریعہ ریت لے جانے کے لئے حکومت کی جانب سے صرف صبح کے دو گھنٹے کا وقت ہی دیا گیا تھا۔ لیکن ٹریکٹرس والوں نے روپیوں کے لالچ میں آکر حکومت کے دیئے گئے وقت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رات کے وقت بھی ٹریکٹرس کے ذریعہ غیر قانونی طور پر ریت منتقل کررہے تھے اس دوران چند گاؤں والوں نے پولیس کو اس کی اطلاع دی

جس پر ویملوارہ ٹاؤن کے سرکل انسپکٹر دیوا ریڈی نے اپنی ٹیم کے ساتھ وائملا دیہات پر غیر مجاز طور پر ریت کی منتقلی کرنے والے پانچ ٹریکٹرس کو پکڑ کر قبضہ میں لے لیا اور پولیس اسٹیشن کو روانہ کردیا۔ ان ٹریکٹرس میں دو ستکا پلی دیہات کے اور دو ٹریکٹرس شاتراش پلی دیہات کے ہیں اور ایک ٹریکٹر ایواپلی دیہات کا شامل ہے۔ سی آئی دیوا ریڈی نے بتایا کہ اس سلسلہ میں مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔