غیر رجسٹرڈ شدہ پراجکٹس کیلئے ایک اور مہلت

تلنگانہ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی کے اجلاس میں فیصلہ

حیدرآباد۔30اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی کی جانب سے غیر رجسٹرڈ شدہ پراجکٹس کے لئے ایک موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ 30اپریل کے بعد سے پراجکٹ کی منظوری کیلئے درخواست داخل کرنے والوں کو 3لاکھ روپئے جرمانہ عائد کرتے ہوئے اپنے پراجکٹ کی منظوری کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ تلنگانہ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جن پراجکٹس کے پروموٹرس نے اپنے پراجکٹس کی منظوری حاصل نہیں کی ہے ان کے خلاف کاروائی کی جائے لیکن سخت کاروائی سے قبل انہیں ایک موقع فراہم کرنے کیلئے 3لاکھ روپئے جرمانہ کے ساتھ درخواست کے ادخال کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ تلنگانہ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی کے مطابق ماہ مئی کے دوران رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی اور 31مئی 2019 تک اپنے پراجکٹس کا رجسٹریشن کروانے والوں کو یہ موقع حاصل رہے گا اگر اس مہلت کے دوران بھی کوئی بلڈر یا پروموٹر RERA ایکٹ کے مطابق اپنے پراجکٹ کو رجسٹرڈ نہیں کرواتا ہے تو اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔یکم جنوری 2017سے 31 اگسٹ 2018کے درمیان اجازت حاصل کرنے والوں کے لئے اجازت ناموں کی اجرائی کا عمل جاری ہے اور اتھاریٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جن پروموٹرس نے رجسٹریشن نہیں کروایا ہے انہیں ای۔میل اور ایس ایم ایس کے ذریعہ مطلع کیا جائے تاکہ وہ اپنے پراجکٹس کے رجسٹریشن کو یقینی بناسکیں۔RERA ایکٹ کے روشناس کروائے جانے کے بعد سے اب تک اپنے پراجکٹس کے رجسٹریشن کو یقینی نہ بنانے والے بلڈرس اور پروموٹرس کے خلاف کاروائی کے دوران ممکن ہے کہ شہر کے علاوہ ریاست کے کئی علاقو ںمیں زیر تعمیر پراجکٹس کے کاموں کو فوری اثر کے ساتھ روک دیا جائے گا۔تلنگانہ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی کی جانب سے اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ ریاست کی تمام بلدیات کے علاوہ دیگر اداروں سے جو تعمیری اجازت ناموں کی اجرائی کے مجاز ہیں ان سے تمام تر تفصیلات حاصل کی جائیں اور ان تفصیلات کی بنیاد پر پراجکٹس کی جانچ اور ان کے رجسٹریشن کو لازمی کیا جائے۔بتایاجاتا ہے کہ رئیل اسٹیٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کی جانے والی تعمیرات کو بھی غیر قانونی قرار دینے کے سلسلہ میں RERA ایکٹ کی میں موجود گنجائش کا اتھاریٹی نے مکمل جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ ان تمام بلڈرس اور پروموٹرس کو نوٹسیں جاری کی جائیں جو تاحال RERA کے رجسٹریشن کے بغیر پراجکٹس کو منظرعام پر لاتے ہوئے تعمیرات جاری رکھے ہوئے ہیں یا مکمل کرچکے ہیں۔