غیر ذات کے لڑکے سے معاشقہ پر والدین نے لڑکی کا قتل کردیا

حیدرآباد 30 جنوری ( پی ٹی آئی ) عزت کے نام پر قتل کے ایک مشتبہ معاملہ میں ایک نوجوان لڑکی کو اس کے والدین نے ہلاک کردیا ۔ یہ واقعہ آندھرا پردیش کے چتور ضلع میں پیش آیا ۔ کہا گیا ہے کہ کسی اور ذات کے لڑکے سے معاشقہ پر والدین نے لڑکی کو ہلاک کردیا ۔ پولیس کے بموجب یہ واقعہ 17 جنوری کو پیش آیا تاہم 26 جنوری کو ایک انتہائی مسخ نعش دستیاب ہونے کے بعد اس کا پتہ چلا ۔ پولیس کے بموجب لڑکی کے والدین نے مبینہ طور پر اس لڑکی کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور اس پر مٹی بھی ڈال دی تھی تاہم انہوں نے بعد میں اپنی لڑکی کے لاپتہ ہوجانے کی پولیس میں شکایت درج کروائی تھی ۔ 16 سالہ لڑکی انٹرسال اول کی طالبہ بتائی گئی ہے اور اس کا 20 سالہ ایک نوجوان سے معاشقہ تھا ۔ لڑکی کے والد سری راملو اور اس کی والدہ پاروتما نے پوچھ تاچھ کے دوران اقبال جرم کرلیا ہے ۔