غوث نگر کے عوام پر ظلم افسوسناک

منتخب نمائندے خواب غفلت میں ، سید عزیز پاشاہ کا دورہ
حیدرآباد۔31مارچ(سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی قومی عاملہ کے رکن وسابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سید عزیز پاشاہ نے غوث نگر میں غیر مجاز قبضوں کے نام پر کی گئی انہدامی کاروائی کا مشاہدہ کرنے کے بعد متاثرین سے ملاقات اور محکمہ ریونیو کی جانب سے بناء نوٹس کے کی گئی اس انہدامی کاروائی کی شدید الفاظ میںمذمت کی ۔جناب سید عزیزپاشاہ نے کہاکہ غوث نگر میں دوسرے مرحلے کی انہدامی کاروائی کے متاثرین کا شمار یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد میں ہے جو پائی پائی جوڑ کر اپنے مکانات تعمیر کئے تھے مگر محکمہ ریونیو کے عہدیداروں نے بناء نوٹس کے مذکورہ غریب افراد کے گھروں کو منہد م کردیا۔ جناب سید عزیز پاشاہ نے مزیدکہاکہ معاشی اور تعلیمی طور پر کمزور افراد کو جھانسہ دیکر لینڈ گرابرس نے بذریعہ نوٹری یہ اراضی فروخت کی تھی مگر اُس وقت متعلقہ ایم آر او اوردیگر عہدیدار خاموش تماشائی بنے ہوئے تھے ۔جناب سیدعزیز پاشاہ نے کہاکہ افسوس کی بات تو یہ ہے کہ متعلقہ منتخب عوامی نمائندوں نے اب تک غوث نگر کا دورہ نہیںکیا ۔ اس موقع پر مقامی عوام کی کثیرتعداد نے عزیز پاشاہ سے ملاقات کرتے ہوئے انہیںحالات سے واقف کروایا۔ بارکس ویلفیر اسوسیشن کے صدر محمد خان‘ انصاف اسٹیٹ جنرل سکریٹری منیر پٹیل‘سالم جابری‘ احمد جابری ‘ عمران جابری کے علاوہ دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔