غریب طالب علم کی اعلیٰ تعلیم کیلئے فوج کی امداد

سرینگر۔/30جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک غریب نوجوان نے جس کے والد کو عسکریت پسندوں نے اسوقت ہلاک کردیا تھا جب وہ صرف دو ماہ کا تھا باوقار انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی کے داخلہ میں کامیابی حاصل کرلی لیکن معاشی تنگدستی کے باعث داخلہ لینے کا خیال تقریباً ترک کردیا تھا کیونکہ 21سالہ زاہد احمد قریشی سے 10ہزار روپئے کونسلنگ فیس طلب کی گئی تاہم فوج نے یہ وعدہ کیا ہے کہ اس کے تعلیمی مصارف کیلئے ممکنہ امداد کی جائیگی۔ایک سینئر فوجی عہدیدار نے بتایا کہ اس ہونہار طالب علم کی تعلیم و تربیت کیلئے ضروری رقم فراہم کی جائے گی تاکہ اس کی کامیابی میں غربت رکاوٹ نہ بن سکے۔ زاہد احمد قریشی ضلع کپوارہ کے ایک دورافتادہ گاؤں گلینڈکلاں کا متوطن ہے ، کشمیر سوپر30کے ان 3طلباء میں شامل ہے ۔ آئی آئی ٹی میں داخلہ کیلئے جے ای این ایڈوانسڈ میںکامیابی حاصل کی ہے جبکہ سوپر 30پروگرام دراصل ہندوستانی فوج نے گزشتہ سال سرینگر کی چنار کارپس نے ایک مقامی این جی او کارپوریٹ سوشیل ریسپانسلٹیٹی اینڈ لیڈر شپ کے تعاون سے شروع کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ فوج نے طالب علم سے رابطہ قائم کرکے ممکنہ امداد کا تیقن دیا ہے۔