غریب دیہاتی خاتون نورجہاں اسم بامسمیٰ : مودی

شمسی توانائی سے گھروں کو روشنی پہنچانے کا کارنامہ قابل تقلید
کانپور۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ میں کانپور کی ایک غریب دیہاتی خاتون نور جہاں کے کارنامہ کا تذکرہ کیا اور ان کے کارنامہ کو اُن تمام افراد کے لئے قابل تقلید قرار دیا جو ماحولیات کو تبدیلی سے روکنے کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں۔ مودی نے نورجہاں کو ’اسم بامسمیٰ‘ قرار دیا اور کہا کہ نورجہاں کے معنی خود دُنیا میں روشنی پھیلانا ہے اور یہ خاتون شمسی توانائی سے چلنے والے لیمپس کے ذریعہ اپنے گاؤں میں جہاں برقی لائنس موجود نہیں ہیں، گھروں میں اُجالا کررہی ہیں۔ نورجہاں نے کہا کہ ’’وزیراعظم کی جانب سے میرا نام لیتے ہوئے میرے کام کی ستائش کئے جانے پر میں بے انتہا خوش ہوں، یہ میرے لئے حوصلہ افزاء ہے‘‘۔ نورجہاں نے پی ٹی آئی سے کہا کہ غیرمعروف گاؤں بیری دریا وان پر تاحال کئی بی جے پی قائدین اور میڈیا کے نمائندے بھی پہونچے تھے جنہوں نے ’سولار لیمپس‘ کا مشاہدہ کیا ۔ نور جہاں مقامی دیہاتیوں کو تقریباً 50 لیمپس کرایہ پر دیا کرتی ہیں۔