غریب بھی امیروں کی طرح زندگی گزاریں، چیف منسٹر کی تمنا

کوڑنگل۔یکم نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر مصنوعات جوپلی کرشنا راؤ نے کوڑنگل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر منعقدہ جلسہ عام کو مخاطب کرتے ہوئے موصوف نے انکشاف کیا کہ حکومت کی جانب سے بے گھر افراد کیلئے ڈبل بیڈ روم مکانات کی فراہمی عمل میں لائی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے سی آر کی دلی تمنا ہے کہ غریب لوگ بھی امیروں کی طرح زندگی گزاریں۔ وزیر موصوف نے اس ضمن میں کوسگی روڈ پر واقع گاندھی نگر کالونی کے دامن میں موجود سابق رکن اسمبلی گروناتھ ریڈی کی اراضی سروے نمبر 828، 829، 830 جملہ سات ایکر رقبہ پر ڈبل بیڈ رومس کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا اور مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ طور پر حلقہ اسمبلی کوڑنگل کے لئے 400 مکانات کی منظوری عمل میں آئی ہے۔ آئندہ سال ماہ مارچ سے مختلف مرحلوں میں مزید مکانات کی منظوری کا اشارہ دیا۔ اس پروگرام میں سابق رکن اسمبلی مسٹر گروناتھ ریڈی، ایم پی پی دیاکر ریڈی، وینکٹ ریڈی، دیسمکھ سرپنچ، سابق ایم پی پی مدپا دیسمکھ، ڈی سی سی بی ڈائرکٹر انگڑی رائچور، بسوا راج، ٹی آر ڈسٹرکٹ پریسیڈنٹ شیوا کمار، سابق ایم ایل سی جگدیشور ریڈی، سابق زیڈ پی وائس چیرمین کرشنا، اینگولہ بھاسکر، روی کمار تحصیلدار، ویرا برہما چاری ایم پی ڈی او، رمیش راتھوڑ، ہاؤزنگ ای ای کے علاوہ ٹی آر ایس قائدین نے حصہ لیا۔ اس موقع پر دولت آباد منڈل ، مستقر پر غریب لوگوں کو دیئے گئے مکانات کے پٹہ جات کی جگہ کی نشاندہی کرنے کیلئے سی پی آئی کے زیر اہتمام سی پی آئی ضلعی ترجمان اندانور بشیر کی زیر قیادت دیگر قائدین و اراکین نے وزیر موصوف اور سابق رکن اسمبلی گروناتھ ریڈی کو یادداشت پیش کی۔ دریں اثناء وزیر موصوف کے دورہ کے خلاف تلگودیشم پارٹی  قائدین و اراکین نے صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے امبیڈکر مجسمہ پر پھول مالا پیش کرتے ہوئے آنجہانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا استدلال تھا کہ ٹی ڈی پی کے عوامی قائدین کو مدعو کئے بغیر مکانات کی تعمیر کیلئے وزیر موصوف کی جانب سے سنگ بنیاد کی انجام دہی فہم و قیاس سے بالاتر ہے۔ سرکل انسپکٹر پولیس مسٹر وشوا پرساد نے احتجاجی قائدین کو گرفتار کرتے ہوئے تانڈور روڈ پر جنٹ پلی منتقل کیا۔ بعد ازاں بمرس پیٹ پولیس اسٹیشن منتقلی کے بعد ساڑھے پانچ بجے شام رہا کیا گیا۔ احتجاج میں حصہ لینے والوں میں زیڈ پی ٹی سی ممبر شرنمان، ایم پی ٹی سی راجندر، سرپنچ بال ریڈی، ٹی ڈی پی منڈل پریسیڈنٹ حافظ محمد یوسف اور دیگر موجود تھے۔
بارش کی کمی کی وجہ تالاب خشک