غداری قانون مزید سخت بنایا جائیگا : راج ناتھ سنگھ

شملہ 16 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) غداری قانون کو ختم کرنے کانگریس کے انتخابی وعدہ پر تنقید کرتے ہوئے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ اگر بی جے پی مرکز میں دوبارہ برسر اقتدار آئے تو اس قانون کو مزید سخت بنایا جائیگا ۔ کلو ضلع میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستانی معیشت دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت بن گئی ہے اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے بھی ملک کی معاشی ترقی کی ستائش کی ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے دعوی کیا کہ گذشتہ پانچ سال میں بی جے پی حکومت کے دوران افراط زر کی شرح پر بھی قابو پالیا گیا ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اگر بی جے پی مرکز میں دوبارہ برسر اقتدار آتی ہے تو وہ غداری قانون کے دفعات کو مزید سخت بنائے گی تاکہ قوم مخالف سرگرمیوں کو روکا جاسکے اور ان کا ازالہ کیا جاسکے ۔ راج ناتھ سنگھ نے دعوی کیا کہ بی جے پی ہی وہ واحد پارٹی ہے جہاں انتہائی نچلی سطح پر کام کرنے والا ورکر بھی اپنی جدوجہد سے چیف منسٹر بن سکتا ہے ۔